دبئی: پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کیلئے کپل شرما کا ہنسی مذاق سے بھرپور شو
دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 3 سے قبل پشاور زلمی کی انتظامیہ نے مشہور بھارتی کامیڈین کپل شرما کے ساتھ ایک شو کا انعقاد کیا، جس کے دوران کھلاڑی خوب محظوظ ہوئے۔ شو میں پشاور زلمی کے کھلاڑیوں، آفیشلز، چیئرمین جاوید آفریدی اور مینٹور یونس خان نے شرکت کی۔
شو کے دوران کپل شرما کے دلچسپ جملوں کو کھلاڑیوں نے خوب انجوائے کیا، خاص کر ڈیرن سیمی، کامران اکمل اور محمد حفیظ کے حوالے سے کامیڈین کے چٹکلوں نے محفل میں چار چاند لگا دیئے۔
ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کو مخاطب کرکے کپل نے پوچھا، ‘آپ کو لوگ خان کہہ کر کیوں بلاتے ہیں؟ جس پر انہوں نے جواب دیا، ‘آفریدی کی وجہ سے اور شاید اس لیے کیونکہ میرا تعلق پشاور سے ہے’۔ کپل شرما نے کامران اکمل اور محمد حفیظ کے ساتھ بھی خوب ہنسی مذاق کیا۔
کپل نے کامران اکمل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ‘آپ تین بھائی کرکٹ میں ہیں جبکہ ایک کزن بھی ٹاپ لیول کی کرکٹ کھیل رہا ہے اور آپ سب کے بچے بھی ہیں، اس کا مطلب ہے کہ پاکستان کو کرکٹ میں کسی اور خاندان کی ضرورت نہیں ہے’۔
اس موقع پر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کہا کہ وہ پی ایس ایل 3 سے قبل ٹیم کے کھلاڑیوں کو تھوڑا پرسکون وقت فراہم کرنا چاہتے تھے، اس لیے اس شو کا انعقاد کیا گیا۔
جاوید آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ‘کپل شرما ان دنوں ہمارے خطے کے بہترین کامیڈین ہیں اور کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ بہت اچھا وقت گزارا’۔
شو میں شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کے بچوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
جاوید آفریدی کے مطابق ‘ان کا مشن مسکراہٹیں پھیلانا ہے’۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 3 کا آغاز آج (22 فروری) سے ہو رہا ہے۔