کھیل و ثقافت

مونچھوں کے اسٹائل کیلئے مچل جونسن کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، وہاب ریاض

ایک طرف تو شائقین کرکٹ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 3 کے آغاز پر پرجوش ہیں، وہیں افتتاحی میچ میں پشاور زلمی کے کھلاڑی وہاب ریاض کی مونچھوں کے نئے اسٹائل کو دیکھ بھی کافی حیران ہوئے اور ٹوئٹر پر تبصروں کا ایک طوفان آگیا۔

لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ شائقین کرکٹ کی یہ حیرانی اور دلچسپ تبصرے وہاب ریاض کو کافی محظوظ کر رہے ہیں۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جیو نیوز نے وہاب ریاض سے اس نئی لُک کا راز جاننا چاہا، جس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ یہ لوگوں کو اپنا ‘حوصلہ’ دکھانے کا ان کا ایک طریقہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا، ‘میری خواہش ہے کہ میں اس پی ایس ایل سیریز میں ایک بار پھر وہی کارکردگی دکھاسکوں، جس کے لیے وہاب ریاض بحیثیت فاسٹ باؤلر جانا جاتا ہے’۔

وہاب ریاض نے کہا، ‘مجھے امید ہے کہ یہ اسٹائل مجھے یہ بات یاد دلاتا رہے گا کہ میں کون ہوں، مجھے اس ٹورنامنٹ میں کیا کرنا ہے اور کیسے پرفارم کرنا ہے’۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے آسٹریلین کھلاڑی مچل جونسن سے متاثر ہوکر یہ اسٹائل اپنایا تو وہاب ریاض نے جواب دیا، ‘دیکھیں، کسی سے بھی کسی ایسی چیز کے لیے متاثر ہونا، جو آپ کے لیے فائدہ مند ہو، ایک اچھی بات ہے اور اگر میں مچل سے متاثر ہوں تو میں انہیں شکریہ کہنا چاہتا ہوں’۔

جب وہاب سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے یہ اسٹائل اپنانے کی پہلے سے منصوبہ بندی کی تھی تو انہوں نے جواب دیا کہ ‘میں نے اس کی منصوبہ بندی پہلے سے کی تھی اور میچ کے لیے آنے سے قبل یہ میک اوور کیا’۔

انہوں نے مزید کہا، ‘اسٹیڈیم میں داخل ہوتے وقت میں کچھ خوفزدہ اور نروس تھا کیونکہ مجھے معلوم تھا کہ لوگ میری تصاویر لیں گے’۔

وہاب ریاض نے کہا کہ ‘مجھے یہ بات عجیب لگی کہ لوگ یہ سوچنے لگے کہ شاید میں نے شو آف کرنے کے لیے نیا اسٹائل اپنایا’۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ‘میرا مقصد بحیثیت فاسٹ بولر یہ ہے کہ میں اچھی کارکردگی دکھاؤں اور کم سے کم رنز پر زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کروں’۔

وہاب کا کہنا تھا، ‘پشاور زلمی میری ٹیم ہے، مجھے امید ہے کہ میرے کاندھوں ہر جو ذمہ داری ہے میں اسے پوری طرح نبھاؤں’۔

واضح رہے کہ کل پی ایس ایل 3 کے افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close