پی ایس ایل 3: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کراچی کنگز کی چھٹی وکٹ گر گئی
دبئی: پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 138 رنز پر چھٹی وکٹ گر گئی۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جوئے ڈینلی اور خرم منظور نے اننگز کا آغاز کیا۔
اوپننگ بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پہلی وکٹ پر 34 رنز جوڑے تو جوئے ڈینلی 14 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
57 رنز کے مجموعے پر بابر اعظم 10 رنز بناکر راحت علی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔
83 کے مجموعی اسکور پر خرم منظور 39 گیندوں پر 35 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
خرم منظور کے آؤٹ ہونے کے بعد کولن انگرام اور روی بوپارا نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے ہوئے 131 رنز تک پہنچایا تو کولن انگرام 21 گیندوں پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگرام کے آؤٹ ہونے کے بعد بوپارا بھی ایک رنز کے اضافے کے بعد 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
138 کے مجموعے پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم 2 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کے دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، کولن انگرم، روی بوپارا، محمد رضوان، شاہد آفریدی، کپتان عماد وسیم، محمد عامر، محمد عرفان جونیئر اور ٹائمل ملز شامل ہیں۔
کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں ہی ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہی ہیں البتہ سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ کی ٹیم گزشتہ دونوں ایڈیشنز میں فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہی تھی۔
خیال رہے پی ایس ایل تھری میں عماد وسیم پہلی مرتبہ کراچی کنگز کی قیادت کر رہے ہیں اور شاہد آفریدی بھی اسی ٹیم کا حصہ ہیں جو اس سے قبل سیزنز میں پشاور زلمی کی نمائندگی اور قیادت کرچکے ہیں۔