کھیل و ثقافت

پی ایس ایل: کراچی کنگز کا گلیڈی کو 150 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 3 کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح کیلئے 150 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی کراچی کنگز کو اوپنرز نے 34 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس پارٹنرشپ کا خاتمہ اس وقت ہوا جب خرم منظور کی جانب سے کھیلے گئے شاٹ پر گیند باؤلر کے ہاتھوں کو چھوتی ہوئی وکٹوں سے جا ٹکرائی اور دوسرے اینڈ پر موجود جو ڈینلی آؤٹ قرار پائے۔

بابر اعظم کوئی خاص چھوڑنے میں ناکام رہے اور صرف 10 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ خرم منظور کی 39 گیندوں پر 35 رنز کی سست رفتار اننگز کا خاتمہ انور علی کے ہاتھوں ہوا۔

جنوبی افریقہ سے آئے کولن انگرام جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 21 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی لیکن امپائر کے متنازع فیصلے نے ان کی اننگز کے آگے بھی فل اسٹاپ لگا دیا جبکہ اگلے ہی اوور میں انور علی نے روی بوپارہ کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

نئے کپتان عماد وسیم بھی بطور قائد اپنی پہلی اننگز میں ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف دو رنز بنانے کے بعد جوفرا آرچر کی وکٹ بن گئے۔

اختتامی اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز نے عمدہ اور نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا جس کے سبب کراچی کنگز بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور مقررہ اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر 149 رنز بنائے ہیں۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ انور علی اور جوفرا آرچر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے کھیلتے ہوئے اچھا اسکور بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں ہی ٹیموں کی بیٹنگ لائن کافی مضبوط تصور کی جارہی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پاکستانی ٹیم کے ہیرو اور پاکستان کو چمپئن ٹرافی جیتانے والے کپتان سرفراز احمد، مایہ ناز بلے باز کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کی خدمات حاصل ہیں۔

کراچی کنگز کی بات کی جائے تو اس میں بھی بڑے نام شامل ہیں اور بوم بوم آفریدی اس ٹیم میں چار چاند لگانے آگئے ہیں، ان کے علاوہ ٹیم کے کپتان عماد وسیم، بابر اعظم، روی بوپارا اور ای اون مورگن بھی کراچی کنگز کی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close