سکیورٹی کو چکمہ دیکر ہوٹل سے باہر نکلا تو پرویز مشرف کا ڈائریکٹ فون آگیا، گنگولی کا بڑا انکشاف
کلکتہ: سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے اپنی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ 2004 میں دورہ پاکستان کے دوران لاہور میں سیکیورٹی کو چکمہ دینے پر پرویز مشرف کا فون آگیا تھا۔سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے اپنی سوانح حیات میں لکھا ہے کہ پاکستان کا دورہ 2004 ہمیشہ یاد رہے گا، ہم سیکورٹی کو چکمہ دے کر لاہور کی فوڈ اسٹریٹ پہنچے، سر پر پہنی ٹوپی سے آدھا چہرہ چھپا کر فائیو اسٹار ہوٹل سے نکل گیا تھا تاہم سیکیورٹی کو چکمہ دینے پر سابق صدر پرویز مشرف کا فون آگیا تھا۔سارو گنگولی نے سوانح حیات میں انکشاف کیا ہے کہ جب وہ ہوٹل واپسی پہنچے تو اس وقت کے پاکستانی صدر پرویز مشرف نے انہیں فون کرکے کہا کہ ایسے ایڈونچر نہ کریں تو بہتر ہے، پرویز مشرف نے انہیں سیکورٹی کو بتا کر ہوٹل سے باہر جانے کی ہدایت کی۔ گنگولی نے کتاب میں لکھا ہے کہ گوالمنڈی فوڈ اسٹریٹ میں دکاندار نے پہچان کر ڈنر کے پیسے لینے سے انکار کر دیا جب کہ ایک موٹر سائیکل سوار نے ہماری کار کا تعاقب بھی کیا۔