ممبئی انڈینز کی مالکن نیتا امبانی اولمپک کمیٹی کی رکن نامزد
انڈیا کے معروف صنعت کار مکیش امبانی کی اہلیہ اور آئی پی ایل ٹیم ممبئی انڈینز کی مالکن نیتا امبانی کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔
وہ آئی او سی کے لیے نامزد کی جانے والی پہلی ہندوستانی خاتون ہیں۔
انھوں نے آئی او سی کی جانب سے نامزدگی پر ایک بیان میں کہا: ’آئی او سی کی جانب سے نامزدگی یقینا باوقار اور امتیازی حیثیت کا حامل ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کا مستقبل تیار کرنے، مختلف برادریوں کو ایک ساتھ لانے، تہذیبوں اور مختلف عمر کے لوگوں کے درمیان کی خلیج کو کم کرنے میں کھیل کی طاقت پر یقین ہے۔
’میں اس موقعے کے لیے آئی او سی کی شکر گزار ہوں جو انڈیا اور ہندوستانی خواتین کا اعتراف ہے۔ میں کمیٹی کے اہداف حاصل کرنے میں اپنے کردار کو نبھانے کی پوری کوشش کروں گی۔‘
کھیل، سینیما اور سیاسی دنیا کی کئی مشہور شخصیات نے نیتا امبانی کو ان کی نامزدگی پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کے رکن بننے سے انڈیا میں کھیل کے شعبے میں بہتری آئے گی۔
برازیل کے شہر ریو دی جنیرو میں دو سے چار اگست کے دوران آئی او سی کے 129 ویں اجلاس میں ان کی رکنیت پر فیصلہ ہو گا۔
مرکزی وزیر ہرسمرت کور بادل نے ٹویٹ کیا: ’بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی پہلی بھارتی خاتون رکن نامزد ہونے پر نیتا امبانی کو مبارکباد۔‘
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک اور معروف بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان نے لکھا: ’اولمپک کمیٹی میں نامزدگی کے لیے نیتا امبانی کو مبارکباد۔ زبردست ڈارلنگ۔ اب کھیل کی زمینی سطح پر حوصلہ افزائی ہو گی۔‘
سچن تیندلکر جو اب ممبئی انڈینز ٹیم کا حصہ ہیں انھوں نے ٹویٹ کیا: ’نیتا امبانی کو اولمپک کمیٹی میں نامزدگی کے لیے مبارکباد۔ کھیل کی ترقی کے لیے ان کا جوش و جذبہ قابل تعریف ہے۔ یہ بھارت اور خواتین کے بااختیار بنائے جانے کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔
بھارتی باکسر مریم کوم نے ٹویٹ کیا: ’نیتا امبانی کو مبارکباد۔ وہ زمینی سطح پر کام کرکے بھارت کا وقار بڑھا رہی ہیں اور اب اعلیٰ ترین سطح پر بھی پہنچ گئی ہیں۔ امید ہے آپ سے جلد ملاقات ہو گی۔‘
بھارت کے اولمپک میڈلسٹ شوٹر ابھینو بندرا نے مبارکباد دیتے ہوئے لکھا: ’نیتا امبانی بھارت کی جانب سے اولمپک کمیٹی کی رکن ہوں گی۔ کیوں نہ خیر سگالی کے طور پر وہ اولمپکس کی (انڈین) ٹیم کو سپانسر کر دیں۔‘
معروف ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے ٹویٹ کیا: ’نیتا امبانی کی اولمپک کمیٹی کے لیے نامزدگی بھارت کے کونے کونے تک کھیلوں کو پہنچانے کی ان کی کوششوں کا منھ بولتا ثبوت ہے۔