کھیل و ثقافت

کوئٹہ کے 141 رنز کے جواب میں پشاورکی بیٹنگ

شارجہ: پاکستان سپر لیگ تھری کے دسویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پشاور کی بیٹنگ جاری ہے۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ تھری کے دسویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی کی بیٹنگ جاری ہے۔ اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرین سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسد شفیق اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا لیکن اسد تیسرے ہی اوور میں 10 رنز کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عمر امین شین واٹسن کا ساتھ دینے آئے لیکن وہ بھی 11 رنز ہی بناسکے جس کے بعد گزشتہ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹیم کو کامیابی دلانے والے کیون پیٹرسن بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تاہم واٹسن نے دوسرے اینڈ سے جارحانہ کھیل جاری رکھتے ہوئے گراؤنڈ کےچاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے۔ ریلی روسووو اور واٹسن نے 42 رنز کی شراکت قائم کی، واٹسن 47 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 5 چھکے بھی شامل تھےاور روسووو نے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان سرفراز احمد اچھی فارم میں دکھائی دے رہے تھے مگر وہاب ریاض نے انہیں 17 رنز پر بولڈ کردیا۔ آل راؤنڈر انور علی اور محمد نواز بھی صرف 3،3 رنز ہی بناسکے۔ پشاور زلمی کی جانب سے پی ایس ایل میں ڈیبیو کرنے والے سمین گل نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ وہاب ریاض، عمید آصف اور ڈیرن سیمی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی نے ایونٹ میں اب تک 3 میچز کھیلے ہیں جس میں سے ایک میں کامیابی جب کہ 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 3 میں سے 2 میچز میں کامیابی حاصل کی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیون پیٹرسن کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close