کھیل و ثقافت

اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی

دبئی: پاکستان سپر لیگ تھری کے پلے آف مرحلے کے پہلے کوالیفائنگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹ سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ دبئی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ تھری کے پلے آف مرحلے کے پہلے کوالیفائنگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹ سے شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 155 رنز کا ہدف دیا جو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز لیوک رونچی اور صاحبزادہ فرحان نے کیا، دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 4 اوورز میں 69 رنز بناڈالے، اوپنرز لیوک رونچی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 19 گیندوں پر اب تک کھیلے گئے پی ایس ایل کے تمام سیزن کی تیز ترین نصف سنچری بنائی۔ دونوں اوپنرز نے صرف 42 گیندوں پر 91 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تاہم صاحبزادہ فرحان 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ بعد میں آنے والے کھلاڑی سمت پٹیل نے بھی رونچی کاساتھ دیا اور جارحانہ انداز اپنایا، لیوک رونچی نے صرف 39 گیندوں پر 94 رنز کی شانداز اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے، رونچی نے اننگز میں 12 چوکے اور 6 چھکے لگائے جس کی بدولت اسلام آباد نے مقررہ ہدف 13 ویں اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے میچ کے دوران ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا، کراچی کے فیلڈرز نے صرف اوپنر لیوک رونچی کا 3 بار کیچ چھوڑا اور اس کے علاوہ کئی بار گیند فیلڈر کے ہاتھوں سے چھوٹ کر باؤنڈری سے جاٹکرائی۔ اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 154 رنز بنائے، کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز خرم منظور اور جوئے ڈینلی نے کیا تاہم اوپنرخرم منظور صرف 17 کے مجموعی اسکور پر محمد سمیع کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد ون ڈاؤن آنے والے بابر اعظم بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ کپتان این مورگن نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی تاہم وہ بھی صرف 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد اوپنر جوئے ڈینلی اور کولن انگرام نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 82 رنز کی شراکت قائم ہوئی، جوئے ڈینلی نے نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 51 رنز بنائے تاہم بدقسمتی سے وہ فہیم اشرف کی گیند پر شاٹ کھیلتے ہوئے پاؤں وکٹ پر مار بیٹھے اور ہٹ وکٹ کا شکار ہوگئے۔ کولن انگرام نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 30 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 68 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close