ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دوسری وکٹ گرگئی
لاہور: پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دیا ہے۔ لاہور میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم 157 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ جاری ہے۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی کی جانب سے تمیم اقبال اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا اور تمیم نے ابتدائی 4 گیندوں پر محمد نواز کو 2 چوکے رسید کیے جس کے بعد بارش کی مداخلت کے باعث میچ کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا تاہم میچ کا آغاز ہوتے ہی پشاور زلمی کو پلے آف مرحلے میں پہنچانے والے کامران اکمل بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔
تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے آندرے فلیچر بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی صرف 3 گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے، انہیں میر حمزہ نے ایک رنز پر پویلین واپس بھیجا۔ تمیم اقبال نے حفیظ کے ساتھ ملکر تیسرے وکٹ کے لیے 44 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس دوران حفیظ اوپننگ بلے باز کا ساتھ چھوڑ گئے وہ 14 گیندوں پر 25 رنز بنانے کے بعد محمد اللہ کا شکار بنے۔
حفیظ کے پویلین لوٹتے ہی تمیم اقبال بھی ہمت ہار بیٹھے اور محمد نواز کی گیند پر باؤنڈری پر کھڑے فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے، وہ 29 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
سعد نسیم اور لیام ڈاسن 30 رنز کی اہم شراکت قائم کی لیکن سعد صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انہیں حسن خان نے پویلین واپس بھیجا۔ لیام ڈاسن وکٹ پر موجود رہے اس دوران کوئی بھی کھلاڑی ان کا زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکا، عمید آصف 7، کپتان ڈیرن سیمی 2 اور وہاب ریاض 15 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
لیام ڈاسن نے 35 گیندوں پر 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 4 بلندوبانگ چھکے اور 6 چوکے شامل تھے، انہیں راحت علی نے پویلین بھیجا۔ کوئٹہ کی جانب سے راحت علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ دیگر بولرز کے حصوں میں ایک ایک وکٹ آئی تاہم انور علی کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے بوندا باندی کا شروع ہونے والا سلسلہ موسلا دھار بارش کی صورت اختیار کرگیا تھا جس سے بظاہر ایسا لگ رہا تھا کہ کھلاڑی آج گراؤنڈ میں نہیں اترپائیں گے اور پشاور زلمی اچھے رن ریٹ کے باعث کل کراچی کنگز سے ایلی مینیٹر میچ کھیلے گی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایونٹ سے باہر ہوجائے گی لیکن بارش کے رک جانے کے باعث میچ مقررہ وقت پر شروع ہوگیا جب کہ شائقین کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود ہے۔
گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم جیت کی صلاحیت رکھتی ہے، کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کا متبادل نہیں لیکن آنے والے بھی مایوس نہیں کریں گے جب کہ میچ میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔
پشاور زلمی کے لیے گزشتہ برس قذافی اسٹیڈیم لکی رہا تھا ڈیرن سیمی نے فائنل بھی جیتا اور دل بھی، زلمی کے کھلاڑی محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ دفاعی چیمپئن ہونے کے ناطے ان کی ٹیم پر پریشر ہوگا۔