کھیل و ثقافت

پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا جب کہ فائنل کھیلنے کے لیے پشاور زلمی کو کراچی کنگز کو مات دینی ہوگی۔ لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم 157 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 156 رنز بنا سکی اور ایک رنز سے ہار گئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اسد شفیق اور پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے کوہلر کیڈمور نے اننگز کا آغاز کیا لیکن حسن علی نے پہلی ہی گیند پر اسد شفیق کو پویلین واپس بھیج دیا۔ حسن علی نے اپنے اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر دوسرے اوپنر کوہلر کیڈمور کو بھی آؤٹ کرکے کوئٹہ کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ وہ صرف 5 رنز ہی بناسکے۔

کپتان سرفراز احمد خود بیٹنگ کے لیے اوپر آئے محمد نواز کے ساتھ ملکر 63 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی، لیکن سمین گل 2 شاندار ڈیلیوریوں کے ذریعے پشاور زلمی کو میچ میں واپس لے آئے۔ انہوں نے ایک گیند پر پہلے محمد نواز کو 35 رنز پر پویلین بھیجا جب کہ کپتان سرفراز احمد نے سمین گل کی اگلی ہی گیند کو باؤنڈری لائن پار کروانے کی کوشش کی لیکن اس دوران وہ فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے، وہ بھی 35 رنز بناسکے۔

پی ایس ایل تھری میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے محمد اللہ اور ریلی روسوو نے 36 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے میچ پلٹنے کی کوشش کی لیکن اس دوران عمید آصف نے بہترین اوور کرواتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔ محمد اللہ 19 اور روسوو 8 رنز ہی بناسکے۔

ایک موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 3 اوور میں 30 رنز درکار تھے جب کہ تھسارارا پریرا اور انور علی وکٹ پر موجود تھے لیکن حسن علی نے 17ویں اوور میں دونوں بلے بازوں ایک بھی شارٹ مارنے کا موقع نہیں دیا اور صرف 2 رنز پر اوور کرواکر کوئٹہ کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔
کپتان سیمی نے 19ویں اوور کے لیے وہاب ریاض کو گیند تھمائی تو انہوں نے بھی صرف 3 رنز پر اوور کرواتے ہوئے 2 کھلاڑیوں کو بھی پویلین بھیج دیا، پریرا 12 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

انور علی نے آخری اوور میں لیام ڈاسن کو پہلی گیند پر چوکا اور دوسرے پر چھکا رسید کرکے میچ کو دلچسپ بنانے کی کوشش کی جب کہ تیسرے گیند ضائع کرنے کے بعد اگلی دو گیندوں پر دو چھکے لگاکر انور علی نے صورتحال ہی تبدیل کردی۔ آخری گیند پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 3 رنز درکار تھے، انور علی نے زوردار شارٹ ماری لیکن وہ اس بار گیند کو باؤنڈری پار نہیں کرواسکے اور ایک رن مکمل کرنے کے بعد دوسرے اینڈ پر موجود کھلاڑی رن آؤٹ ہوگئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی، عمید آصف، وہاب ریاض اور سمین گل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی کی جانب سے تمیم اقبال اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا۔

تمیم نے ابتدائی 4 گیندوں پر محمد نواز کو 2 چوکے رسید کیے جس کے بعد بارش کی مداخلت کے باعث میچ کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا تاہم میچ کا آغاز ہوتے ہی پشاور زلمی کو پلے آف مرحلے میں پہنچانے والے کامران اکمل بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔

تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے آندرے فلیچر بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی صرف 3 گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے، انہیں میر حمزہ نے ایک رنز پر پویلین واپس بھیجا۔ تمیم اقبال نے حفیظ کے ساتھ ملکر تیسرے وکٹ کے لیے 44 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس دوران حفیظ اوپننگ بلے باز کا ساتھ چھوڑ گئے وہ 14 گیندوں پر 25 رنز بنانے کے بعد محمد اللہ کا شکار بنے۔

حفیظ کے پویلین لوٹتے ہی تمیم اقبال بھی ہمت ہار بیٹھے اور محمد نواز کی گیند پر باؤنڈری پر کھڑے فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے، وہ 29 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ سعد نسیم اور لیام ڈاسن 30 رنز کی اہم شراکت قائم کی لیکن سعد صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انہیں حسن خان نے پویلین واپس بھیجا۔ لیام ڈاسن وکٹ پر موجود رہے اس دوران کوئی بھی کھلاڑی ان کا زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکا، عمید آصف 7، کپتان ڈیرن سیمی 2 اور وہاب ریاض 15 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

لیام ڈاسن نے 35 گیندوں پر 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 4 بلندوبانگ چھکے اور 6 چوکے شامل تھے، انہیں راحت علی نے پویلین بھیجا۔

کوئٹہ کی جانب سے راحت علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ دیگر بولرز کے حصوں میں ایک ایک وکٹ آئی تاہم انور علی کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close