بھارت نے پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو 37 رنز سے شکست دیدی، سیریز میں 0-1 کی برتری
ایڈیلیڈ (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو 37 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 برتری حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو بھارت نے ویرات کوہلی کے ناقابل شکست 90 رنز کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔ روہت شرما نے 31، شیکھر دھون نے 5، سریش رائنا نے 41 اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے 11 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے شین واٹسن نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جیمز فالکنر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 151 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے ٹیم کو 47 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم دونوں بلے بازوں کے آﺅٹ ہونے کے بعد سٹیو سمتھ کے علاوہ کوئی بلے باز بھارتی باﺅلرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔ ایرون فنچ نے 33 گیندیں کھیل کر 2 چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سے 44رنز بنائے۔ ڈیوڈ وارنر نے 17، سٹیو سمتھ نے 21، ٹریوس ہیڈ نے 2، کرس لین نے 17، شین واٹسن نے 12، میتھیو ویڈ نے 5، جیمز فالکنر نے 10 اور رچرڈسن نے 9 رنز بنائے جبکہ کیمرون بوئیس نے 2 اور شان ٹیٹ نے کوئی سکور بنائے بغیر ہی آﺅٹ ہو گئے۔
بھارت کی جانب سے ایشوین، بومراہ، جدیجہ اور پانڈے نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اشیش نہرا نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔
سیریز کا دوسرا میچ 29 جنوری کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔