پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا
کراچی: پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کا 154 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے 154 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا، دونوں اپنرز نے گزشتہ میچز کی طرح ایک بار پھر ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور 61 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تاہم فخر زمان17 گیندوں پر 40 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور ون ڈاؤن آنے والے حسین طلعت نے 52 رنز کی شراکت قائم کی تاہم بابر اعظم نصف سنچری بنانے کے بعد 113 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد حسین طلعت اور آصف علی نے جارحانہ انداز اپنایا اور 41 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ ہدف 16.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
فخر زمان کو میچ کے بہترین کھلاڑی اور بابر اعظم کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا، اس موقع پر فخر زمان کا کہنا تھا کہ کپتان اور کوچ کے پلان کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں جب کہ نمبر ون ٹیم کا ممبر ہونا اعزاز ہے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،
مہمان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز چیڈ وک والٹن اور آندرے فلیچر نے کیا تاہم والٹن صرف 2 کے مجموعی اسکور پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
پہلے ہی اوور میں وکٹ گرنے کے بعد آندرے فلیچر اور مارلن سیمیولز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، دونوں کھلاڑیوں نے 72 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد مارلن سیمیولز 31 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اوپنر آندرے فلیچر نے نصف سنچری اسکور کی تاہم 52 رنز بناکر وہ رن آؤٹ ہوگئے۔
اوپنر آندرے فلیچر اور مارلن سیمیولز کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کی آدھی ٹیم صرف 99 رنز پر پویلین لوٹ گئی تاہم بعد میں آنے والے دنیش رامدین نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 18 گیندوں پر 42 رنز بنائے جس کے باعث ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 153 رنز بناسکی۔