کھیل و ثقافت

ساف فٹبال 2020 کی میزبانی پاکستان کرے گا

کراچی: پاکستان2020 میں ساف فٹبال چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا جب کہ آئندہ برس انڈر15 ساؤتھ ایشین فٹبال چیمپئن شپ کا انعقاد بھی ملکی میدانوں میں ہوگا۔پاکستان 2020 میں ساف فٹبال چیمپئن شپ کی میزبانی کریگا، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے آفیشل نے بدھ کو میڈیا سے گفتگو میں اس کی تصدیق کردی،کرکٹ اور ہاکی کے بعد فٹبال کے عالمی مقابلے بھی پاکستان میں منعقد ہونے جارہے ہیں۔فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی ممبرشپ بحال ہونے کے بعد موجودہ عہدیدار ملک میں انٹرنیشنل فٹبال کے انعقاد کو ممکن بنانے کیلیے ہمہ وقت کوشاں ہیں، ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن ( ساف ) نے 2019 سے 2021 تک پاکستان کو تین علاقائی ایونٹس کی میزبانی سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ایف ایف آفیشل کے مطابق گزشتہ دنوں ڈھاکا میں منعقدہ ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن کی کانگریس میں پاکستان کو 2020 کی ساؤتھ ایشین فٹبال چیمپئن شپ کی میزبانی دیے جانے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔آفیشل نے مزید بتایا کہ پاکستان اس کے علاوہ آئندہ برس ساؤتھ ایشین انڈر15 فٹبال چیمپئن شپ کی میزبانی بھی کرے گاجبکہ ساف انڈر19 گرلز چیمپئن شپ بھی 2021 میں پاکستانی میدانوں پر منعقد ہوگی۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات نے ان فیصلوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ فیفا کی جانب سے بحالی کے بعد یہ پی ایف ایف کی بڑی کامیابی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا مشکل دور ختم ہوگیا،اب ملک میں دوبارہ انٹرنیشنل فٹبال سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی۔واضح رہے کہ رواں ماہ کراچی میں نیشنل چیلنج کپ بھی شروع ہونے جارہا ہے، دریں اثنا پاکستان کے خادم علی شاہ کو ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن نے آئندہ 4 برس کیلیے نائب صدر بھی منتخب کرلیا، وہ مسلسل تیسری بار اس عہدے پر فائز ہوئے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close