گاربین موگوروزا ٹینس کی نئی ملکہ
فرنچ اوپن میں ہسپانوی خاتون کھلاڑی گاربین موگوروزا کی فتح کو خواتین ٹینس کے ایک نئے دور کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے
فرنچ اوپن میں ہسپانوی خاتون کھلاڑی گاربین موگوروزا کی فتح کو خواتین ٹینس کے ایک نئے دور کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
خوش مزاج گاربین موگوروزا کو سرینا ولیمز اور ماریا شراپوا کا جانشین کہا جا رہا ہے۔
گذشتہ برس ومبلڈن میں رنر اپ رہنے کے باوجود گاربین نے اپنے عمدہ کھیل اور اپنی خوش مزاجی سے شائقین اور میڈیا کے دل جیت لیے تھے۔
اچھے کھیل اور خواش گوار مزاج کا امتزاج اس 22 سالہ نوجوان کھلاڑی کے شاندار کریئر کے ساتھ سپانسرز میں ان کو مقبولیت کا اشارہ دیتا ہے۔
گاربین کی ایجنٹ کمپنی آئی ایم جی کے ٹینس ڈویژن کے سربراہ فرنینڈو سولر کے مطابق ’وہ دنیا بھر میں مقبول ہوسکتی ہے، ہمارا مقصد انھیں ایک بین الاقوامی ستارہ بنانا ہے اور وہ میدان میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کر کے اپنی مدد خود کر رہی ہیں۔‘
ماریا شراپوا پر دو سال کی پابندی کا امکان ہے اور سرینا ولیمز اپنے کریئر کے اختتام کے قریب پہنچ رہی ہیں۔ ایسے میں گاربین کے ایجنٹ کا خیال ہے وہ ان دونوں کی کمی میدان اور میدان سے باہر پوری کر سکتی ہیں۔
فرنینڈو سولر کے مطابق سپانسز کی گاربین میں دلچسپی کی وجہ ان کے عمدہ کھیل کے ساتھ ان کی پسند کی جانے والی شخصیت ہے۔ سولر کے بقول ان سب چیزوں کو گاربین کے ایجنٹ گذشتہ دو برس سے اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گاربین کی ایجنٹ کمپنی کے فرنینڈو سولر کا کہنا ہے کہ ’لوگ سمجھتے ہیں کہ جونہی کوئی کھلاڑی بڑا ٹورنامنٹ جیتتا ہے تو اسی وقت سپانسرز اس سے رابطہ کرتے ہیں۔‘
’ لیکن حقیقت میں کام کئی برس قبل شروع کرنا پڑتا ہے اور ہم اس ضمن میں محنت کر رہے ہیں اور اس حوالے سے سپانسرز کو گاربین کے متعلق آگاہی فراہم کرتے ہیں اور ان کی کارکردگی سے بھی ان آگاہ رکھتے ہیں۔
کیا گاربین مستقبل میں شائقینِ ٹینس اور سپانسرز کے دلوں پر راج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں؟
اس حوالے سے برطانیہ کی سلفرڈ یورنیورسٹی سے وابسطہ سپورٹس انٹرپرائز کے پروفیسر سائمن چیڈوک کا کہنا ہے کہ ’خواتین کی ٹینس میں ایک نئی سٹار اور برانڈ کی جگہ خالی ہے اور ومبلڈن میں نمبر ٹو سیڈ گاربین موگوروزا اس جگہ کو پُر کر سکتی ہیں۔‘
اس میں کوئی شک نہیں کہ رواں برس برطانیہ میں منعقد ہونے والے عالمی شہرت یافتہ ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن کے آغاز سے ہی گاربین دنیا بھر کی توجہ کا مرکز رہیں گی۔