پولینڈ کو شکست، پرتگال سیمی فائنل میں پہنچ گیا
یورو کپ فٹ بال کے سنہ 2016 کے یورو کپ فٹ بال کے پہلے کوارٹر فائنل میں پرتگال نے پولینڈ کو پینلٹی ککس پر شکست دے دی ہے۔
دونوں طرف سے پہلی تین ککس پر گول ہوئِے اور میچ برابر رہا۔ لیکن پولینڈ کی طرف سے چوتھی کک پرتگال کے گول کیپر روی پیٹرسیو نے روک لی اور پرتگال نے اپنی پانچویں کک پر بھی گول کر کے میچ جیت لیا۔
سیمی فائل میں پرتگال کا مقابلہ ویلز اور بیلجیئم کے درمیان کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
میچ کے پہلے ہاف میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا اور پھر اضافی تیس منٹ میں بھی دونوں ٹیمیں مزید گول نہ کر سکیں اور فیصلہ پانچ پانچ پنالٹی پر چلا گیا۔
جمعرات کی شام جب فرانس کے جنوبی ساحلی شہر مارسے کے سٹیڈ ویلوڈروم کے میدان میں پرتگال اور پولینڈ آمنے سامنے ہوئے شائقین کے خیال میں یہ میچ رئیل میڈرڈ کلب کے مشہور فارورڈ کرسٹینو رونالڈو اور پولینڈ اور بائن میونخ کے سٹرائیکر رابرٹ لوانڈوسکی کے درمیان ایک مقابلہ تھا۔
میچ سے قبل یہ دونوں مشہور سٹرائیکر اپنے اپنے کلبوں کی جانب سے گذشتہ سیزن میں مشترکہ طور پر 93 گول کر چکے تھے
میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے بہت تیز کھیل کا مظاہرہ کیا اور محض ایک منٹ چالیس سیکنڈ کے بعد پولینڈ کی جانب سے رابرٹ لوانڈوسکی نے میچ کا پہلا گول کر دیا۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں نہ صرف ان کا پہلا گول تھا بلکہ یہ گول یورو کپ کی تاریخ کا کسی بھی میچ میں دوسرا سب سے کم وقت میں ہونے والا گول ہے۔
پرتگال کے دفاعی کھلاڑی سِڈرک سواریز نے اپنے سر سے گزرتے ہوئے بال کو نہیں روکا جسے کامل گراوسکی نے کراس لگا کر اپنے کپتان کی جانب بڑھا دیا جنھوں نے زور دار کِک لگا کر اسے پرتگال کے گول میں دے مارا۔
پرتگال کی طرف سے گول ان کے وِنگر ناتو سانچیز نے 33ویں منٹ میں کیا۔رناتو سانچیز آج کے میچ میں ہر طرف نظر آ رہے تھے اور انھوں نے اپنے ہاف میں آ کر کئی مرتبہ پولیش کھلاڑیوں سے گیند چھینے کی کوشش کی۔
پہلے ہاف میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہنے کے بعد جب دونوں لایمیں میدان میں اتریں تو کھیل قدرے سست رہا
پرتگال کو 66ویں منٹ میں گول کرنے کا ایک موقع ملا۔ کرسٹانو رونالڈو کی کک نشانے پر نہیں تھی اور گیند ایڈرن سلوا کو باکس کے ذرا باہر ملی لیکن سلوا کی کک پولینڈ کے گول کیپر لوکاس فینیسکی نے روک لی۔
پرتگال کی طرف سے ٹیم میں دوسری تبدیلی میچ کے80ویں منٹ میں کی گئی اور رکارڈو کورشما کو میدان میں اتارا گیا انھوں نے کوریشیا کے خلاف گول کیا تھا۔
اس دوران معروف تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ یوں لگتا ہے کہ پرتگال مقررہ نوے منٹ میں کوئی میچ جیتے بغیر ہی یہ ٹورنامنٹ جیت جائے گا۔
ایڈم نیلے نے کہا ہے کہ ’کیا کبھی کوئی ٹیم مقررہ نوے منٹ میں میچ جیت کر سیمی فائنل کے مرحلے میں پہنچ سکی ہے۔ پرتگال بھی ایسا ہی کرے گی۔‘
آج رونالڈو اپنے مداحوں کی امیدوں پر پورے نہیں اترے۔ ایک موقعے پر انگلینڈ کے سابق کھلاڑی کرس ویڈلے نے کہا کہ ’کیا یہ رونالڈو ہی کھیل رہے ہیں؟ ہوا میں گیند، یہ تو رونلڈو کے لیے تر نوالہ ہونا چاہیے تھا
شاید وہ پچہتر فیصد فٹ ہیں۔ اتنے تیز اور چوکس نہیں جتنے وہ عام طور پر ہوتے ہیں۔ وہ ہر چیز پر جھنجلا رہے ہیں اور ہر چیز پر شکایت کر رہے۔ نینی کو بھی انھوں نے کچھ کہا ہے۔ لگتا نہیں کہ رونالڈو ٹیم کے ساتھ مل کر کھیل رہے ہیں۔‘
اضافی وقت میں بھی میچ برابر رہنے کے بعد جب پنالیز کا مرحلہ آیا تو پہلی پنالٹی پرتگال کی جان سے رونلڈو نے ہی لگائی اور گول کر دیا۔
پہلی تین پنالٹیز پر دونوں ٹیموں کے سٹرائیکر کامیاب رہے لیکن پولینڈ کی جانب سے ان کے سٹرائیکر نے چوتھی پینلٹی ضائع کر دی اور یوں پرتگال یہ میچ جیت گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گروپ مرحلے میں پرتگال اپنے چار میچوں میں سے صرف ایک میچ جیت سکا تھا۔ کروشیا کے خلاف اس کا میچ مقررہ نوے منٹ میں برابر رہا تھا اور پھر اضافی وقت کے آخری لمحات میں ریکارڈو کوریزما نے گول کر کے اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا تھا۔
دوسری جانب پولینڈ نے کواٹر فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم تھی جس نے سولہ کے مرحلے میں سوئٹزرلینڈ کو پنلٹی ککس میں چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر کواٹر فائنل میں اپنی جگہ بنائی تھی۔