عبدالرزاق کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی ہوگی
کراچی: عبدالرزاق نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کر لیا جب کہ رواں سیزن وہ پی ٹی وی کی جانب سے بطور کپتان ایکشن میں نظر آئیں گے۔ 38 سالہ عبدالرزاق نے اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ 2014میں کھیلا تھا، اس کے بعد ان کی ٹیم زیڈ ٹی بی ایل گریڈ ٹو میں چلی گئی جسے رواں سیزن واپسی کا موقع ملا ہے، اب عبدالرزاق پی ٹی وی کے ساتھ منسلک ہیں۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا کہ رواں برس میں بطورکپتان پی ٹی وی کی جانب سے ایکشن میں نظر آؤں گا، میری فٹنس اور فارم دونوں ٹھیک ہیں، گذشتہ دنوں پشاور سے میچ میں 94 رنز بنانے کے ساتھ ایک وکٹ بھی حاصل کی تھی۔
سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھا کھیل پیش کر کے پی ایس ایل ڈرافٹ کا حصہ بنوں اور پھر ایونٹ میں بھی حصہ لوں۔ عبدالرزاق تیسرے سیزن میں بطور بولنگ کوچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے منسلک تھے، انھوں نے کہا کہ میں نے ٹیم مینجمنٹ کو پہلے ہی اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا، اگر فٹنس اور کارکردگی اچھی رہی تو یقیناً بطور کھلاڑی بھی صلاحیتوں کا اظہار کروں گا۔
ایک سوال پر سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں اب کئی نوجوان کھلاڑی شامل ہو چکے جو اچھا پرفارم بھی کر رہے ہیں، میرا انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں، صرف پی ایس ایل میں ہی شرکت کی خواہش ہے۔
یاد رہے کہ عبدالرزاق نے 46 ٹیسٹ،265 ون ڈے اور 32 ٹوئنٹی 20میچز میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔