میلبرن میں دوسرے ٹی 20 میں بھارت کا جارحانہ آغاز
میلبرن میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارتی اننگز جاری ہے اور اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا ہے۔
جمعے کو آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی اور اب سے کچھ دیر قبل تک مہمان ٹیم نے 11 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 95 رنز بنا لیے تھے۔
اس وقت کریز پر شیکھر دھون اور روہت شرما موجود ہیں اور دونوں نے وکٹ کے چاروں جانب دلکش سٹروکس کھیلے ہیں۔
اس میچ کے لیے آسٹریلیا نے تین کھلاڑیوں کو ڈیبیو کروایا ہے جن میں اینڈریو ٹائی اور سکاٹ بولینڈ کے علاوہ ایک روزہ اور ٹیسٹ کرکٹ کے تجربہ کار سپنر نیتھن لیون شامل ہیں۔
پانچ برس کے بعد آسٹریلوی ٹیم میں واپسی کرنے والے شان ٹیٹ اس میچ کے لیے ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے ہیں۔
بھارت کو فی الوقت تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
بھارت نے ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 37 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔