کھیل و ثقافت

یاسر شاہ انگلینڈ کے لیے بڑا خطرہ ہیں

لارڈز ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستانی کپتان مصباح الحق پریس باکس میں موضوع بحث رہے تو دوسرے دن لیگ سپنر یاسر شاہ کی نپی تلی بولنگ صحافیوں اور کمنٹیٹرز کی زبانوں پر رہی۔

یاسر شاہ نے پانچ وکٹیں لے کر انگلینڈ کی ٹاپ آرڈر کو پویلین کی راہ دکھائی

انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین کا کہنا تھا کہ یاسر شاہ بہت اچھے بولر ہیں اور وہ سیریز میں انگلینڈ کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔

اس سوال کے جواب میں کہ وہ یاسر شاہ کی آج کی کارکردگی کو کیسے دیکھتے ہیں اور کیا ان کے خیال میں ان کی آج کی کارکردگی انگلینڈ کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے؟

ناصر حسین کا کہنا تھا ’آج یاسر شاہ کی کارکردگی بہت عمدہ رہی وہ آگے جا کر انگلینڈ کے لیے بڑا خطرہ بنیں گے کیونکہ وہ بہت اچھے بولر ہیں۔‘

یاسر شاہ لارڈز ٹیسٹ کی ایک اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے دوسرے پاکستانی بولر ہیں۔ اس سے پہلے یہ اعزاز لیگ سپنر مشتاق احمد کو حاصل تھا جنھوں نے انگلینڈ کے خلاف 20 برس قبل سنہ 1996 میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں

مشتاق احمد نے کہا کہ لارڈز کرکٹ کا گھر ہے اور یہاں پانچ وکٹیں لینا ہر بولر کا خواب ہوتا ہے۔

’یاسر کی آج کی کارکردگی صرف یاسر کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، کیونکہ ہمارے نام کے ساتھ لارڈز میں پاکستان کا نام بھی لکھا گیا ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ یاسر کی کامیاب بولنگ کی بڑی بات یہ تھی کہ اس نے ایکشن کو کنٹرول رکھا اور نئے تجربات کرنے سے گریز کیا اور اسی وجہ سے وہ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ لیگ سپنر ہیں اور آپ پر اعتماد ہیں تو کسی بھی پچ پر وکٹیں لے سکتے ہیں اور یہی یاسر شاہ نے آج ہمیں کر دکھایا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close