یاسر شاہ عالمی نمبر ون بولر بن گئے
لارڈز ٹیسٹ میں دس وکٹیں لے کر پاکستان کو انگلینڈ کے فتح سے ہمکنار کرانے والے یاسر شاہ ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آگئے. تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق یاسر شاہ نے 32 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد ٹاپ بھارتی بولر روی چندرن ایشون کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا
یاسر شاہ مشتاق احمد کے بعد واحد پاکستانی بولر ہیں جنہوں نے آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کی جب کہ سابق پاکستانی لیگ اسپنر مشتاق احمد نے دسمبر 1996 میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی.
پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگ میں 339 رنز بنائے لیکن یاسرشاہ نے 6 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو پہلی اننگز میں لیڈ دلانے میں اہم کردار ادا کیا.
دوسری اننگ میں 30 رنز کی اہم باری کھیلنے والے یاسر شاہ نے جہاں اسکور کو معقول مجموعے تک پہنچایا تو دوسری اننگ میں بھی یاسرکی بل کھاتی گیندوں کا انگلش بلے بازوں کے پاس کوئی جواب نہیں تھا، یاسرشاہ نے دوسری اننگز میں 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا.
میچ میں دس وکٹوں کی بدولت وہ ناصرف بہترین کھلاڑی کا اعزاز جیتنے میں کامیاب رہے بلکہ ساتھ ساتھ 878 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ عالمی نمبر ایک باؤلر بھی بن گئے ہیں.
انگلینڈ کے خلاف 4 وکٹیں حاصل کرنے والے راحت علی نے بھی 3 درجہ ترقی پاکر 32ویں پوزیشن پر آگئے، جبکہ 6 سال تک کرکٹ سے دور رہنے والے محمد عامر 93ویں پوزیشن پر آگئے.
یاد رہے کہ یاسر شاہ گزشتہ 20 سال میں عالمی نمبر ایک باؤلر بننے والے پہلے پاکستانی باؤلر ہیں،اس سے قبل دسمبر 1996 میں مشتاق احمد عالمی نمبر ون باؤلر بنے تھے.