پاکستان شکست کا ازالہ کرنے کیلیے بے چین، آج زمبابوے سے مقابلہ
ہرارے: سہ ملکی سیریز میں پاکستانی ٹیم آسٹریلیا سے بدترین شکست کا ازالہ کرنے کے لیے بے چین ہے۔
سہ ملکی سیریز میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے زمبابوے کیخلاف آسان فتح حاصل کی تھی،فخرزمان، آصف علی اور شعیب ملک اچھی فارم میں نظر آئے،بولرز عثمان شنواری، حسن علی، محمد نواز، محمد حفیظ اور شاداب خان نے بھی میزبان بیٹنگ لائن کی ایک نہ چلنے دی۔
دوسرے میچ میں کینگروز سے مقابلہ ہوا تو گرین شرٹس قطعی مختلف ٹیم نظر آئے، بلی اسٹین لیک نے ٹاپ آرڈر کی کمر توڑی تو بیٹنگ کو قدموں پر کھڑے ہونے کا موقع نہیں ملا،بولرز بھی آسان ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام ہوئے۔
کینگروز نے پاکستان کے بعد زمبابوے کو یکطرفہ مقابلے میں زیر کرتے ہوئے خود کو ٹائٹل فیورٹ ثابت کیا، پاکستانی ٹیم کمزور حریف کیخلاف بدھ کوکھیلے جانے والے میچ میں اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرے گی،ابھی تک دونوں میچز باہر بیٹھ کر دیکھنے والے محمد عامر کی پلیئنگ الیون میں واپسی زیر غور ہے،بیٹنگ میں آؤٹ آف فارم محمد حفیظ کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو شامل کرنے کا آپشن بھی موجود ہوگا۔
گزشتہ روز باقاعدہ پریکٹس سیشن شیڈول نہیں تھا لیکن چند کھلاڑیوں نے اپنی مرضی سے میدان کا رخ کیا،ان میں کپتان سرفراز احمد،محمد حفیظ،حارث سہیل، صاحبزادہ فرحان اور شاہین شاہ آفریدی شامل تھے، کھلاڑیوں نے نیٹ پر بیٹنگ اور بولنگ میں اپنی صلاحیتیں نکھاریں،میزبان نوجوان بولرز بھی معاونت کے لیے موجود تھے۔