گینگروز شاہینوں کے پنجوں میں، پاکستان کو جیت کیلئے 184 رنز کا ہدف
سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا ہے۔زمبابوے کے شہر ہرارے میں کھیلے جارہے سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا ہے، آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز ڈارسی شارٹ اور ایرون فنچ نے کیا، دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 95 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ایرون فنچ نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 27 گیندوں پر 47 رنز بنائے تاہم وہ شاداب خان کی گیند پر صاحبزادہ فرحان کو کیچ دے بیٹھے، ڈارسی شارٹ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 76 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے۔ اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کا کوئی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہ کھڑا رہ سکا تاہم مقررہ اوورز میں آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر پہلے بولنگ ہی کرتے تھے، تمام کھلاڑی اچھا کھیل رہےہیں اور تمام لڑکوں سے کہا ہے کہ بغیر کسی دباؤ کے کھیلیں جب کہ ٹیم میں حارث سہیل کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو شامل کیا گیا ہے۔اس سے قبل سیریز کے دوران دونوں ٹیمیں 2،2 مرتبہ مدمقابل ہوئیں، پہلے میچ میں کینگروز نے گرین شرٹس کو تینوں شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی جب کہ دوسرے میچ میں سرفراز الیون نے یکطرفہ مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔