برمنگھم : پاکستان اورانگلینڈ 3 اگست سے تیسرے ٹیسٹ میں مدمقابل ہونگے
برمنگھم : پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ بدھ سے برمنگھم میں کھیلاجائے گا۔ پاکستان نے انگلینڈ سے دو دو ہاتھ کرنے کیلئے ہتھیار تیز کرنا شروع کردئیے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں تین اگست سے برمنگھم میں تیسرے ٹیسٹ کیلئے مد مقابل ہوں گی، نئے امتحان کی تیاری کیلیے پاکستان ٹیم نے برمنگھم میں ڈیرے ڈال لیے،کرکٹرز نے بھرپور سیشن میں فیلڈنگ بہتر بنانے پر توجہ مرکوز رکھی۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے فیلڈنگ میں بہتری اور سلپ کیچنگ کو بہتر بنانے کیلئے کلوز فیلڈنگ کرائی۔ گراؤنڈ فیلڈنگ میں نکھار لانے کیلئے فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن جوڑیوں کی شکل میں کھلاڑیوں سےخصوصی مشقیں کراتے رہے۔
کوچز کی بھرپور سیشن میں فیلڈنگ بہتربنانے پر توجہ رہی۔ قومی ٹیم ابتدائی دو میچز میں ایک یا دو نہیں کئی کیچز ڈراپ کرچکی ہے۔
ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بیٹ کی مدد سے ہلکے اسٹروکس کھیلتے ہوئے شان مسعود کو کلوز فیلڈنگ کی مشق کرائی، کپتان مصباح الحق نے اظہر علی کو تواتر کے ساتھ کیچز کروائے، دیگر فیلڈرز ہوا میں تیرتی گیندوں کے ساتھ بیک وقت لو اور اونچے کیچ پکڑنے کی مشقیں کرتے نظر آئے۔
دوسری جانب سیریز کے تیسرے معرکے سے قبل مینجمنٹ اوپننگ جوڑی کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہے، ٹیسٹ میچ کے پہلے تین دن کے ٹکٹ ایڈوانس میں فروخت ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ اس گراؤنڈ پر پاکستانی ٹیم نے کبھی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا ہے۔ سات ٹیسٹ میں سے چار انگلینڈ نے جیتے اورتین ڈرا ہوئے۔ انگلینڈ اس گراؤنڈ پر دو ہزار آٹھ سے کوئی ٹیسٹ نہیں ہارا۔