چوتھا ون ڈے، فخرزمان اور امام الحق نے اوپننگ شراکت کا ورلڈ ریکارڈ بنا دیا، زمبابوے کو 400رنز کا ہدف
ہرارے: زمبابوے کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں فخر زمان اور امام الحق نے سب سے بڑی 304 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ بنا دیا اور زمبابوے کو جیت کیلئے 400رنز کا ہدف دے دیاہے ۔ فخرزمان نےسعید انور کا194 رنز کا ریکارڈ توڑ دیاہے اور ون ڈے میچ میں 200 رنز کی اننگ کھیلنے والے پہلے پاکستانی بھی بن گئے ہیں۔
اس سے قبل طویل ترین اوپننگ شراکت کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس تھا، جس کے بلے باز سینتھ جے سوریا اور تھرنگا نے لیڈز کرکٹ گراونڈ میں انگلینڈ کے خلاف یکم جولائی 2006 میں 286 رنز بنائے تھے۔جبکہ دوسری جانب دونوں کھلاڑیوں نے2011 میں محمد حفیظ اور عمران فرحت کے زمبابوے کے خلاف 228 رنز کی شراکت قائم کرنے کا قومی ریکارڈ بھی توڑ دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد فخر زمان اور امام الحق نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا اور دونوں ہی کھلاڑیوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کے باولرز کے چھکے چھڑا دیئے اور 304 رنز کی شراکت قائم کی ، فخرزمان نے 156 گیندوں پر 24 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 210رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جبکہ امام الحق 113 رنز بنانے میں کامیاب ہوئےاور تیسرے نمبرپر آنے والے آصف علی نے 50 رنز بنائے۔
پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان نے زمبابو ے کو تین میچوں میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے تاہم آج دونوں ٹیموں کے مابین چوتھا ون ڈے کھیلا جارہاہے ۔اس موقع پر سرفراز حمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں آج کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔