’’ تو چل میں آیا‘‘
انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ کے آخری دن پاکستانی بلے بازوں نے ’’ تو چل میں آیا‘‘ کی روایت برقرار رکھتے ہوئے میچ کو انگلینڈ کی جھولی میں ڈال دیا۔ پاکستان کے بلے باز انتہائی شرم ناک کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی وکٹیں تحفے میں انگلش باولروں کو دیتے رہے۔ پوری ٹیم صرف 74 اوورز ہی کھیل سکی اور 201رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی پاکستان کی جانب سے اوپنر سمیع اسلم نے 70، سہیل خان نے36 اور اظہر علی نے 38رنز کی اننگز کھیلیں ۔ اس کے علاوہ کوئی بھی سینئر کھلاڑی اپنی ذمہ داریاں ادا نہ کر سکا۔ حفیظ 2 یونس خان 4، مصباح 10 ، اسد شفیق اور سرفراز صفر پر آوٹ ہوئے۔عامر نے سولہ رنز بنائے۔آخری وکٹ کی شراکت میں سہیل خان اور راحت علی نے 50رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن، ووکس، فن، معین علی اور براڈ نے دو دو کھلاڑی آوٹ کئے۔اس سے پہلے انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگ 445رنز پر ڈیکلیئر کر دی جبکہ اس کے چھ کھلاڑی آوٹ ہوئے۔معین علی 86اور ووکس 3پر ناٹ آوٹ رہے۔ عامر، سہیل اور یاسر شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح انگلینڈ نے پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے343کا ٹارگٹ دیا تھا ۔ اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے سیریز میں دو ایک کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔معین علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ اس میچ کی پہلی اننگ میں پاکستان نے 103کی برتری حاصل کی تھی۔سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ اوول میں 11اگست سے کھیلا جائے گا۔