فیلپس کا نیا ریکارڈ، امریکہ بدستور سرِفہرست
امریکی تیراک مائیکل فیلپس نے برازیل کے شہر ریو میں جاری اولمپکس کے چوتھے روز ایک اور طلائی تمغہ جیت کر اولمپکس کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
اب ان کے کل طلائی اولمپکس تمغوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ وہ دو نقرئی اور ایک کانسی کا تمغہ بھی جیت چکے ہیں۔
فیلپس دو سو میٹر کے بٹرفلائی مقابلے میں اول نمبر پر رہے، جب کہ اس کے بعد انھوں نے چار ضرب دو سو میٹر کی دوڑ میں بھی امریکہ کو طلائی تمغہ دلا دیا۔ برطانیہ کی ٹیم نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
فیلپس نے دو سو میٹر بٹرفلائی میں جنوبی افریقہ کے تیراک لی کلوس کو ہرا کر 2012 کے لندن اولمپکس میں اسی مقابلے میں اپنی شکست کا بدلہ بھی لے لیا۔
اس سے قبل امریکہ کی جمناسٹکس کی ٹیم نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کی خواتین کی ٹیم کو شکست سے دوچار کیا۔
19 سالہ امریکی جمناسٹ سمون بائلز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ بائلز کو رومانیہ کی نادیہ کومانیچی کے بعد جمناسٹکس کی تاریخ کی سب سے بڑی سٹار قرار دیا جا رہا ہے۔
پوائٹنس ٹیبل پر اب امریکہ کل تمغوں کی تعداد 26 ہو گئی ہے جن میں نو طلائی، آٹھ نقرئی اور نو کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ یہ دن سارے امریکی کھلاڑیوں کے لیے اچھا ثابت ہوا۔
امریکہ ہی کی سٹار ٹینس کھلاڑی سیرینا ولیمز یوکرین کی الینا سویتولینا سے ہار کر اولمپکس سے باہر ہو گئیں۔ سرینا اس میچ میں منتشر اور برہم نظر آئیں اور انھوں نے میچ کے دوران 37 غلطیاں کیں جو ان کے لیے مہنگی ثابت ہوئیں۔
چین آٹھ طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
ہنگری کی ’خاتونِ آہن‘ کہلانے والی کاتنکا ہوسو نے دو سو میٹر انفرادی میڈلی میں اول نمبر پر آ کر اپنے طلائی تمغوں کی تعداد تین تک پہنچا دی۔ انھی کی بدولت ہنگری کل چار طلائی تمغوں کے ساتھ پوائٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر پہنچ گیا۔
ادھر فیلڈ ہاکی کے مقابلوں میں پول بی کے ایک میچ میں انڈیا نے ارجنٹائن کو ایک کے مقابلے پر دو گول سے شکست دے دی۔ اس سے قبل اپنے پہلے میچ میں انڈیا جرمنی سے ہار گیا تھا۔