کھیل و ثقافت

پی ایس ایل اورآئی پی ایل کی فاتح ٹیموں میں 3 میچز کی سیریز کرانے کی تجویز

سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں پاک بھارت کرکٹ سیریزکے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سدھو اور سینیٹر فیصل جاوید کے درمیان ہونے والی گفتگو میں آئی پی ایل اورپی ایس ایل کی فاتح ٹیموں کے مابین تین میچز کی سیریز کرانے کی تجویز زیر غور آئی۔

گفتگو میں چنئی سپر کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان تین میچز کی سیریز کرانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نوجوت سنگھ سدھو بھارتی کرکٹ بورڈ جبکہ سینیٹر فیصل جاوید پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس تجویز سے آگاہ کریں گے۔

اس حوالے سے فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے لیے تاریخ اور جگہ طے کرنے پربھی بات چیت ہوگی، کرکٹ میچز سے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد ملے گی۔ سینیٹر فیصل جاوید نے سدھو کو وزیراعظم عمران خان کا شکریہ کا پیغام بھی دیا جبکہ نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کو انمول قرار دیا۔

خیال رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے اور اس دوران انہوں نے وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر شخصیات سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔

سدھو کا دورہ پاکستان بھارتی میڈیا اور انتہاپسندوں کو ایک نظر نہیں بھایا اور سدھو کو بھارت میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ پاکستانی آرمی چیف سے گلے ملنے پر سدھو کیخلاف غداری کا مقدمہ چلانے کی درخواست بھی منظور کرلی گئی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close