کھیل و ثقافت

اوول ٹیسٹ میں کامیابی کے باوجود پاکستان بدستور تیسرے پر

لندن: انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں شاندار کامیابی کے باوجود پاکستان کرکٹ ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیسٹ رینکنگ میں بدستور تیسرے نمبر پر ہے۔

آئی سی سی نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ کا اعلان کردیا جس کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر کرنے کے باوجود ٹیسٹ رینکنگ میں 111 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان کی تیسری پوزیشن برقرار رہے جبکہ انگلینڈ 108 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان نے 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر انگلینڈ کو اوول ٹیسٹ میں شکست دے کر قوم کو یوم آزادی کا تحفہ دیا تھا، گرین شرٹس نے چوتھے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 2-2 سے برابر کردی تھی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز یونس خان اور یاسر شاہ نے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں اپنی کیریئر کی چھٹی ڈبل سنچری مکمل کرکے جاوید میانداد کا پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

البتہ پاکستان کے پاس اب بھی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچنے کا امکان موجود ہے، اگر سری لنکا ٹیسٹ سیریز میں عالمی چیمپیئن آسٹریلیا کے خلاف 0-2 سے کامیابی حاصل کرلے یا ویسٹ انڈیز اور ہندوستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز برابر ہوجائے، تو پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آسکتا ہے۔

پاکستان کا عالمی درجہ بندی میں نمبر ون ٹیم بننے کا انحصار سری لنکا کی آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ہندوستان کے خلاف فتح پر ہے، پاکستان نے آخری بار 2003 میں دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close