لاہور قلندرز کا آزاد کشمیر میں ’آئس کرکٹ‘ میلہ لگانے کا اعلان
پاکستان سپر لیگ کی سب سے زیادہ متحرک فرنچائز لاہور قلندز نے موسم سرما میں وادی کشمیر کی منجمد جھیلوں پر ’آئس کرکٹ‘ کا میلہ لگانے کا اعلان کر دیا۔ آئس کرکٹ کے حوالے سے لاہور قلندر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید اور دنیا کے تیز ترین بولر شعیب اختر نے مظفر آباد میں آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے ایوان صدر میں خصوصی ملاقات کی۔
اس موقع پر سردار مسعود خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اس اقدام کی نہ صرف تعریف کی بلکہ ’آئس کرکٹ‘ کے لئے حکومت آزاد جموں کشمیر کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا۔
صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ مظفر آباد میں لاہور قلندرز پلئیرز ڈیولپمنٹ پروگرام کے توسط سے نہ صرف یہاں بچوں میں کرکٹ کے شوق کو ایک سمت میسر آ رہی ہے بلکہ لاہور قلندر کے یہاں آنے سے میڈیا دنیا تک یہ آواز اور بہترین انداز میں پہنچا رہی ہے کہ آزاد کشمیر میں ایک طرف کھیل اور سیاحت کی صحت مندانہ سرگرمیاں جاری ہیں تو دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی ظلم و استبعداد کا شکار ہیں۔
سردار مسعود خان نے لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’آئس کرکٹ‘ کا منصوبہ بہترین ہے تاہم اس کے لئے سردیوں کے انتظار کے ساتھ منجمد جھیلوں کا انتظار کرنا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے کرکٹ مقابلوں کے ساتھ آزاد کشمیر کی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔
آزاد کشمیر کے صدر نے شعیب اختر کی آمد کا خیر مقدم بھی کیا۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کا کہنا تھا کہ وہ سردار مسعود خان اور وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے پلئیرز ڈیویلپمنٹ پروگرام میں تعاون پر بے حد مشکور ہیں۔
آئس کرکٹ میں کھلاڑیوں کے سوال پر عاطف رانا کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں تاریخ اور کھلاڑیوں کی دستیابی اہم معاملات ہیں جس کے لئے انہوں نے ابتدائی طور پر کام شروع کر دیا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں مزید تفصیلات کیساتھ باقاعدہ پریس کانفرنس کریں گے۔
یاد رہے اس سال 8 اور 9 فروری کو سوئٹزرلینڈ میں آفریدی الیون اور سہواگ الیون کے درمیان دو ٹی 20میچ کھیلے گئے تھے، یہ تاریخ میں پہلا موقع تھا جب کرکٹ کی دنیا کے بڑے نام برف پر کرکٹ کھیلے تھے، اور اب لاہور قلندر پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ’آئس کرکٹ‘ کا میلہ مظفر آباد میں لگانے کا اعلان کر رہا ہے۔