کھیل و ثقافت

قومی کرکٹ ٹیم کا ڈیمز فنڈ میں 32 لاکھ روپے دینے کا اعلان

پاکستان کرکٹ ٹیم نے سپریم کورٹ کی جانب سے بنائے گئے ڈیمز فنڈ میں 32 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے، رقم بھاشا ڈیم فنڈ میں منتقل ہوگی۔ لاہور میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ڈیم بنانے سے سب کو فائدہ ہوگا جس سے آنے والی نسلیں فائدہ اٹھائیں گی، پانی کے مسئلے کے حل کےلئے ملک میں ڈیمز بننے چاہیئں اور اس مقصد کےلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی نے 2،2 لاکھ روپے دئیے ہیں۔

کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ایشا کپ بڑا ایونٹ ہے اور ٹاپ ٹیمیں کھیل رہی ہیں، ہمارے پاس بہترین بالر ہیں جس سے ہم بھرپور دفاع کرسکتے ہیں اور بھارت کےخلاف پوری تیاری کےساتھ میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا ٹیم کی ایشیا کپ کےلئے تیاری بہت اچھی ہے۔

اپنی کارکردگی سے متعلق سوال پر کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ بیٹنگ کو بہتر کرنے کےلئے مزید کوشش کر رہا ہوں اور جہاں موقع ملتا ہے رنز کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کے سوال پر کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ محمد حفیظ اہم کھلاڑی ہیں اور وہ ورلڈ کپ کا حصہ ہیں، ان کی جب ضرورت پڑی وہ ٹیم کےلئے کھیلیں گے۔

ایشیا کپ 15 ستمبر 2018 سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو رہا ہے اور پاکستان کرکٹ ٹیم آج رات لاہور سے روانہ ہوگی۔ قومی ٹیم اپنا پہلا میچ ہانگ کانگ کیخلاف 16 ستمبر کو دبئی میں کھیلے گی۔

ایشیا کپ میں حصہ لینے والی کل چھ ٹیموں پر دو گروپس تشکیل دیئے گئے ہیں۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ جب کہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان شامل ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close