کھیل و ثقافت

ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی کل پاکستان پہنچے گی

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی کا سفر جاری ہے اور ٹرافی 6 روزہ دورے پر کل (3 اکتوبر کو) لاہور پہنچے گی۔ عالمی کپ کی ٹرافی کو دو دن لاہور میں مختلف مقامات کی سیر کے بعد 5 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچایا جائے گا۔

لاہور میں 3 اکتوبر کو دن ڈیڑھ بجے ٹرافی کو کھلی بس میں سفر کرایا جائے گا جس کے بعد اسی دن قذافی اسٹیڈیم میں پونے 3 بجے سہ پہر اس کی میڈیا کے سامنے رونمائی کی جائے گی۔

4 اکتوبر کو ٹرافی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کا رخ کرے گی جس کے بعد اسے واہگہ بارڈر لے جایا جائے گا اور پھر ٹرافی کی لاہور میں آخری منزل شوکت خانم ہسپتال ہوگی۔

اس کے بعد عالمی کپ کی ٹرافی اسلام آباد پہنچے گی اور وہاں دو دن رہنے کے بعد اپنے دورہ پاکستان کے آخری مرحلے میں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی پہنچے گی۔

ٹرافی کی 7 اور 8 اکتوبر کو کراچی کے مختلف مقامات پر رونمائی کرائی جائے گی لیکن ان دونوں شہروں میں ٹرافی کے شیڈول کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا۔

عالمی کپ کی ٹرافی نے سفر کا آغاز رواں سال 28 اگست کو دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر دفتر سے کیا تھا۔

اس مرتبہ ورلڈ کپ کی ٹرافی کا 21 ملکوں اور 60 شہروں کا طویل ترین دورہ ہوگا۔

عالمی کپ کا انعقاد آئندہ سال 30 مئی سے انگلینڈ میں ہوگا اور 14جولائی کو ہونے والے فائنل کی فاتح ٹیم نئے عالمی چیمپیئن کا تاج سر پر سجاتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کرے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close