یاک پولو- کھیل جو صرف پاکستان میں ہی کھیلا جاتا ہے
چترال: بادشاہوں کا کھیل یعنی پولو عام طور پر گھوڑوں کی پشت پر سوار ہوکر دنیا بھر میں ہر جگہ کھیلا جاتا ہے ، مگر یاک یعنی جنگلی بیل پر پولو صرف اور صرف وادی بروغل میں کھیلا جاتا ہے جو سطح سمندر سے 12500 فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔
یاک پولو میں بھی حسب معمو ل چھ ، چھ کھلاڑی ہوتے ہیں مگر یہ سواری اتنی تیز نہیں ہوتی جتنا گھوڑا تیز دوڑ کر بال کو قابو کرتا ہے۔چترال کے انتہائی دور افتادہ علاقے بروغل میں یاک پولو کے اس دلچسپ کھیل کو دیکھنے کے لیے ہر سال بڑی تعداد میں سیاح اس وادی کا رخ کرتے ہیں۔
داد خدا ایک طالب علم ہے مگر شوقیہ طور پر یاک پولو بھی کھیلتا ہے، اس نے اے آروائی نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ’ایک تو یاک پر پولو کھیلنا نہایت مشکل کھیل ہے کیونکہ یاک میں گھوڑے کی طرح قابوکرنے کے لیے لگام نہیں ہوتی جسے ہم جلب کہتے ہیں بلکہ یاک کو صرف ایک ہی رسی سے پکڑا اور ہانکا جاتا ہے،جبکہ گھوڑے کو قابو کرنے کیلئے دونوں جانب چمڑے سے بنے ہوئے پٹے ہوتے ہیں جسے سوار اپنی مرضی سے دائیں بائیں مڑواسکتا ہے اور جہاں بال پڑتا ہے کھلاڑی گھوڑے کو اسی جگہہ دوڑاکر بال پر سٹیک مارتا ہے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یاک کا معاملہ کچھ اور ہے ایک تو یہ بہت بھاری جانور ہے ،دوسرےیہ تیز نہیں دوڑسکتا اور تیسرا یہ گھوڑے کی طرح اتنا تربیت یافتہ نہیں ہوتا ۔ پولو میں استعمال ہونے والے گھوڑوں کی تربیت کی جاتی ہے اور ایک تربیت یافتہ گھوڑا کھیل کے دوران خود پر سوار کھلاڑی کی بہت مدد کرتا ہے۔
یاک پولو کے دوران مقامی فن کار موسیقی بجاتے ہیں اور اس میں بانسری اور دف بہت مشہور ہے۔ کھلاڑی کوشش کرتا ہے کہ محالف ٹیم کی بال اپنے قابو میں کرلے اور اسے اس جگہ تک لے جائے جہاں دو لکڑیوں کے درمیان سے بال گزار کر گول ہوجاتا ہے۔
مقامی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ جس طرح پولو کو اہمیت حاصل ہے اور اس کو حکومت کی سرپرستی بھی حاصل ہے اگر یاک پولو کو بھی حکومت تقویت دے اس پر توجہ دے تو یہ کھیل اس علاقے کی تقدیر بدل دے گا کیونکہ یاک ہر جگہ ہوتا نہیں ہے یہ صرف وادی بروغل میں پائے جاتے ہیں ۔ یاد رہے کہ یاک نہایت گرم مزاج جانور ہیں اور زیادہ تر برف پوش میدان میں ہی رہ سکتا ہے ، کہیں اور اسے رکھنے کےلیے خصوصی اقدامات کی ضرورت پیش آتی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت پولو کے ساتھ یاک پولو کو بھی ترقی دینے کے لیے اقدامات اٹھائے تو یہ دلچسپ کھیل اس پسماندہ ترین وادی سے غربت کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔