کوہلی نے بورڈ سے غیر ملکی دوروں پر اہلیہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت مانگ لی
نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے غیر ملکی دوروں پر کھلاڑیوں کو اپنی اہلیہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کی شادی طویل عرصہ رفاقت رہنے کے بعد ہوئی ہے اور دونوں ہی اسٹارز اپنے اپنے شعبوں میں کام میں مشغول ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ ویرات کوہلی نے فیملی کو وقت دینے کے لیے ایشیا کپ میں شرکت نہیں کی تھی جس کے بعد اب انہوں نے بورڈ کو درخواست دے کر حیران کردیا ہے۔
ایسا لگتا ہے کہ انوشکا اپنے شوہر ویرات کوہلی کو اکیلا نہیں چھوڑنا چاہتی ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ ویرات کوہلی نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر ملکی دوروں پر کھلاڑیوں کو اپنی اہلیہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت دے دی جائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی نے بورڈ سے پالیسی میں تبدیلی کے لیے رابطہ کیا ہے جس کی تصدیق بورڈ حکام نے کی ہے جب کہ بورڈ نے اس معاملے پر ٹیم منجمنٹ سے رائے مانگ لی ہے۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ پالیسی میں تبدیلی کے لیے ٹیم منیجر باقاعدہ درخواست دے گا جس کے بعد ہی کوئی پیشرفت کی جائے گی۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹیم میں شامل کھلاڑی اس وقت اپنی اہلیہ کو دو ہفتے تک کسی بھی غیر ملکی دورے پر اپنے ساتھ رکھ سکتے ہیں جبکہ کوہلی چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کی بیگمات پوری سیریز میں ساتھ رہیں۔