پاکستانی پہلوان نے مسلسل دوسری باربیچ ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ جیت لی
مغلا: پاکستان کے پہلوان محمد انعام بٹ نے اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے بیچ ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ جیت لی۔ ترکی میں ہونے والی دو روزہ ورلڈ چیمپئن شپ میں انعام بٹ نے 6 ممالک کے پہلوانوں کو واضح برتری کے ساتھ شکست دی۔
فائنل میں انعام بٹ نے جارجیا کے پہلوان کو مات دے کر اعزاز کا کامیاب دفاع کیا اور پاکستان کو ایک بار پھر بیچ ریسلنگ کا عالمی چیمپئن بنادیا۔
اُنہوں نے ایونٹ کی مائنس 94 کے جی کلاس کے فائنل میں جارجیا کے پہلوان کو 1-3 سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا جب کہ جیت کے بعد پاکستانی پہلوان نے اکھاڑے میں قومی پرچم بھی لہرایا۔
انعام بٹ نے ایونٹ میں ناروے، پرتگال، رومانیہ، یوکرائن اور یونان کے پہلوان کو بھی شکست دی۔
گولڈ میڈل جیتنے کے بعد انعام بٹ نے اپنے وڈیو بیان میں کہا کہ وہ اس جیت کو اکھاڑے میں تربیت لینے والے اپنے ساتھی پہلوانوں کے نام کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپین شپ میں کامیابی پر اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے کیوں کہ دوسری مرتبہ ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپین شپ کا ٹائٹل جیتا ہے۔
انعام بٹ کا کہنا ہے کہ ہمارے اکھاڑے کے حالات اچھے نہیں پھر بھی ہم ٹریننگ کرتے ہیں، حکومت سے درخواست ہے کہ مبارکباد دینے کے ساتھ گوجرنوالا میں اکیڈمی قائم کریں تاکہ بعد مزید میڈلز حاصل کرنے میں کامیاب ہوں۔