کھیل و ثقافت

دبئی ٹیسٹ؛ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی

دبئی ٹیسٹ کے آخری روز ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔ دبئی ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان کی جانب سے دیے گئے 462 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے،  کینگروز نے آج اننگز کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز سے کیا تاہم صرف 83 رنز کے اضافے کے بعد ٹراوس ہیڈ 72 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تاہم عثمان خواجہ نے سنچری اسکور کی۔ اس وقت وکٹ پر عثمان خواجہ اور ٹم پین موجود ہیں جب کہ قومی ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 5 وکٹیں درکار ہیں۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے دن قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور امام الحق نے انتہائی پراعتماد انداز میں کیا اور دونوں اوپنرز نے 205 رنز کی شراکت قائم کی، پاکستان کی جانب سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کی بدولت قومی ٹیم نے 482 رنز بنائے۔

پہلی اننگز میں قومی ٹیم کی جانب سے محمد حفیظ اور حارث سہیل نے سنچری جب کہ اسد شفیق اور امام الحق نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کردی، پاکستان کی جانب سے امام الحق نے 48، اسد شفیق نے 41 اور حارث سہیل نے 39 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں اوپنرز نے 142 رنز کا آغاز فراہم کیا، عثمان خواجہ نے 85 اور ایرون فنچ نے 62 رنز بنائے تاہم اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کا کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور پوری ٹیم 202 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے بلال آصف نے صرف 36 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد عباس نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close