کھیل و ثقافت

ابوظہبی ٹیسٹ: پانچ وکٹیں گنوانے کے بعد قومی ٹیم کی بیٹنگ سنبھل گئی

ابوظہبی: آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں 57 کے مجموعی اسکور پر 5 وکٹیں گنوانے کے بعد قومی ٹیم کی بیٹنگ سنبھل گئی۔ شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے فخر زمان اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا۔

پانچ کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ آؤٹ ہوئے جس کے بعد تیسری وکٹ پر اظہر علی اور فخر زمان نے 52 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 57 تک پہنچا تو اظہر علی 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

57 رنز پر حارث سہیل، اسد شفیق اور بابر اعظم بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے، فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد کریز پر موجود ہیں اور دونوں بلے بازوں کے درمیان 87 رنز کی شراکت قائم ہوچکی ہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مچل اسٹارک نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے زخمی اوپنر امام الحق کی جگہ فخر زمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو آج سے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کر رہے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے میر حمزہ بھی ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی ہیں جنہیں وہاب ریاض کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔  قومی اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، محمد حفیظ، اظہر علی، حارث سہیل،  اسد شفیق، بابر اعظم، بلال آصف، محمد عباس، یاسر شاہ، میر حمزہ پر مشتمل ہے۔

ٹم پین کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، دبئی ٹیسٹ کی گیارہ رکنی ٹیم ہی ابوظہبی ٹیسٹ میں جلوہ گر ہوگی۔ کینگروز ٹیم عثمان خواجہ، ایرون فنچ، شان مارش، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، لیبسچگنی، کپتان ٹم پین، مچل اسٹارک، پیٹر سڈل، نیتھن لیون اور جیمز ہولاند شامل ہیں۔

میر حمزہ کی گفتگو

ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے میر حمزہ کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکڑ بننا اعزاز کی بات ہے،کوشش ہوگی ٹیسٹ میں ٹیم پاکستان کے لئے اچھا کھیل پیش کروں۔ میر حمزہ نے کہا کہ ابتدائی کرکٹ پاکستان کرکٹ کلب سے شروع کی، وسیم اکرم میرے آئیڈیل بولر ہیں اور اپنی کامیابی پر سب سے پہلے والدہ کو فون کروں گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close