پاکستان نے آسٹریلیا کو ابوظہبی ٹیسٹ میں شکست دے کر سیریز جیت لی
پاکستان نے ابوظہبی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 0-1 سے جیت لی۔ محمد عباس کی شاندار بولنگ کے باعث آسٹریلیا کے 9 کھلاڑی دوسری اننگز میں بھی محض 164 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے اور عثمان خواجہ کے دستیاب نہ ہونے کے باعث پاکستان نے میچ جیت لیا۔
پاکستان کی جانب سے میچ میں جہاں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کی وہیں محمد عباس نے میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں لے کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
عباس نے پہلی اننگز میں 33 رنز دے کر پانچ وکٹیں اور دوسری اننگز میں 62 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی جانب سے گزشتہ 10 سال میں پہلی کسی میچ میں 10 وکٹیں لینے والے کھلاڑی بن گئے۔
کھیل کے چوتھے روز ایرون فنچ 24 اور ٹریوس ہیڈ نے 17 رنز سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا، دونوں بلے بازوں نے ٹیم کا مجموعی اسکور 71 تک پہنچا تو ٹریوس ہیڈ 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اوپننگ بلے باز ایرون فنچ 31، شان مارش 5 اور کپتان ٹم پین صفر، مچل اسٹارک 28 اور پیٹر سڈل 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دوسری اننگز میں محمد عباس نے 5 جب کہ یاسر شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
گزشتہ روز قومی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 400 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلئیر کردی تھی جس کے بعد آسٹریلیا کو جیت کے لیے 538 رنز کا ہدف دیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں فخر زمان اور سرفراز احمد کے 94، 94 رنز کی اننگز کی بدولت 282 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 145 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس طرح کینگروز کا پہلی اننگز کا خسارہ 137 ہو گیا تھا۔