کھیل و ثقافت

تیسرا ون ڈے: پاکستان کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 280 رنز کا ہدف

دبئی: تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری اور فیصلہ کن معرکے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 280 رنز کا ہدف دیا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

گرین شرٹس کی جانب سے فخر زمان اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ 64 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری اور محمد حفیظ 19 رنز بنا کر فرگوسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان بھی 65 رنز بنا کر گرینڈ ہوم کی گیند پر ہینری نکولس کو کیچ دے بیٹھے۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں حارث سہیل اور بابر اعظم نے 108 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 206 رنز پر پہنچایا تو حارث سہیل 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

گرین شرٹس کو چوتھا نقصان شعیب ملک کی صورت میں ہوا جو آج بھی کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 18 رنز بنا سکے۔

بابر اعظم 92 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور انہیں ٹرینٹ بولڈ نے پویلین کی راہ دکھائی جب کہ اننگز کے آخری اوور میں 3 قومی کھلاڑی آؤٹ ہوئے جن میں فہیم اشرف 5، آصف علی 9 اور حسن علی 2 رنز بنا سکے اور تینوں وکٹیں فرگوسن نے حاصل کیں۔

گرین شرٹس مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز بنا سکی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز ایک ایک سے برابر ہے اور ٹرافی اپنے نام کرنے کے لیے آج کا میچ جیتنا لازمی ہوگا۔

سیریز کے فائنل کے لیے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کا انتخاب کیا گیا جہاں اب تک دونوں ٹیمیں ایک مرتبہ مدمقابل آئیں اور اس میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 21 ون ڈے سیریز کھیلی جاچکی ہیں جس میں سے 13 کیویز اور 7 سیریز میں شاہینوں نے کامیابی حاصل کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close