کھیل و ثقافت

تیسرا ون ڈے؛ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری

دبئی: تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں پاکستان کے 280 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔ متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ دبئی میں جاری ہے جس کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے فخرزمان اور محمد حفیظ نے ٹیم کو 64 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم محمد حفیظ صرف 19 رنز ہی بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ فخر زمان نے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔

تیسری وکٹ پر حارث سہیل نے بابر اعظم کے ہمراہ 104 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کرکے مجموعے کو 206 تک پہنچایا، حارث سہیل 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شعیب ملک نے 18 رنز کی باری کھیلی۔

بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 92 رنز بنائے تاہم وہ سنچری مکمل نہ کرسکے اور آخری اوورز میں چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے، آصف علی نے 9، فہیم اشرف نے 5، حسن علی نے 2 رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ہینری، بولٹ اور گرینڈ ہومے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، ان فٹ امام الحق کی جگہ حارث سہیل کو ٹیم میں جگہ ملی ہے جب کہ عماد وسیم کی جگہ آصف علی کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئی ہیں جب کہ حیران کن طور پر کپتان کین ولیمسن ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

واضح رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close