کھیل و ثقافت

پاکستان سپر لیگ: آرمی پبلک سکول کے طلبا دبئی روانہ

پشاور کے آرمی پبلک سکول کے طلبا اور عملے کے اراکین جمعرات سے شروع ہونے والا پاکستان سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ دیکھنے کے لیے متحدہ عرب امارات روانہ ہوگئے ہیں۔

پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی ہڑتال کی وجہ سے 146 طلبا اور عملے کے لیے خصوصی طیارے کا انتظام کیا گیا۔

آرمی پبلک سکول کے طلبا کو پاکستان کی پہلی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگ دیکھنے کی خصوصی دعوت اس لیگ میں شریک ٹیم پشاور زلمے کی انتظامیہ نے دی تھی۔

پاکستان کی قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم اور پشاور زلمے ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے گذشتہ دنوں آرمی پبلک سکول کا دورہ کیا تھا جس میں انھوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ آرمی پبلک سکول کے بچوں اور سٹاف کے اراکین کو پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب اور میچ دکھانے کے لیے خصوصی انتظامات کریں گے۔

پاکستان سپرلیگ کی افتتاحی تقریب جمعرات کی شام دبئی میں منعقد ہو رہی ہے جبکہ افتتاحی میچ اسلام آباد اور کوئٹہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائےگا۔

اس ایونٹ میں کل پانچ ٹیمیں شریک ہیں جن میں کراچی کنگز، لاہور قلندر، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہیں۔

دبئی ایئرپورٹ پر شاہد آفریدی اور پشاور زلمے ٹیم کے دیگر اراکین ان بچوں کا استقبال کریں گے۔

فوج کے محکمۂ تعلقات عامہ کے مطابق یہ بچے آٹھ تاریخ کو واپس پشاور پہنچیں گے۔

خیال رہے کہ آرمی پبلک سکول پر دسمبر 2014 میں طالبان کے حملے میں 140 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں اکثریت طلبا کی تھی۔

اس واقعے کے بعد سے اس سکول کے بچوں کی نفسیاتی بحالی کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔

اس سلسلے میں ان بچوں کو غیر ملکی دورے بھی کروائے گئے اور یہ دورہ بھی اسی سلسلے کی ہی ایک کڑی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close