یاسر شاہ ایک میدان میں 50 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بن گئے
قومی ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہی میدان میں 50 وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بولر بن گئے۔ دبئی اسپورٹس سٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کھانے کے وقفے کے بعد نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں جب سرفراز احمد نے جیت راول کو اسٹمپڈ کیا تو یہ یاسر شاہ کی دبئی میں 50 ویں ٹیسٹ وکٹ تھی۔
صوابی سے تعلق رکھنے والے 32 سال کے یاسر شاہ نے 22 اکتوبر 2014 کو مصباح الحق کی قیادت میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ یاسر شاہ کی پہلی ٹیسٹ وکٹ تھے۔
اولین ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے 106 رنز کے بدلے 7 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
نیوزی لینڈ کے مقابلے پر دبئی کا دوسرا ٹیسٹ یاسر شاہ کا اس اسٹیڈیم پر ٹیسٹ میچ نمبر سات ہے، جہاں پہلی اننگز میں یاسر شاہ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 41 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔
یاسر شاہ، عمران خان اور عبدالقادر کے بعد تیسرے پاکستانی بولر ہیں جنہوں نے کسی ایک ٹیسٹ سینٹر پر اپنی وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کی۔
عبدالقادر نے نیشنل اسٹیڈیم میں 13 ٹیسٹ میں 58 اور قذافی اسٹیڈیم میں 12 ٹیسٹ میں 51 وکٹیں حاصل کیں۔
عمران خان نے نیشنل اسٹیڈیم میں 11 ٹیسٹ میں 51 اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 11 ٹیسٹ میں 56 وکٹیں حاصل کی تھیں۔