یاسر شاہ نے 82 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا، تیز ترین 200 وکٹیں
پاکستان کے مایہ ناز لیگ اسپینر یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ماضی کے تمام ریکارڈ پاش پاش کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر تاریخ رقم کردی اور تیز ترین 200 وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کی دوسری اننگز میں کیوی بلے باز ولیم سمر ویلے کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے یہ سنگِ میل عبور کیا۔
ان سے قبل آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپینر کلیری گریمیٹ نے 82 سال قبل 1936 میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔
کلیری گریمیٹ نے اپنے 36ویں میچ میں 2 سو وکٹوں کا سنگِ میل عبور کیا تھا جبکہ یاسر شاہ نے 3 میچ قبل ہی اپنے 33ویں میچ میں یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں روی چندر ایشون تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے یہ کارمانہ 37ویں میچ میں انجام دیا تھا۔
پاکستان کے وقار یونس اور آسٹریلیا کے ڈیننس للی اس فہرست میں مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں جنہوں نے 38،38 میچوں میں 200 وکٹیں حاصل کرلی تھیں۔
وقت کے اعتبار سے بات کی جائے تو یاسر شاہ تیز ترین 200 وکٹیں لینے والے دوسرے باؤلر ہوں گے کیونکہ انہوں نے یہ سنگِ میل 4 سال اور 42 دن میں عبور کیا ہے جبکہ انگلینڈ کے عظیم آل راؤنڈر سر این بوتھم نے 4 سال 30 دن میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 200 وکٹیں مکمل کرلی تھیں۔
یاد رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 100 وکٹوں لینے والوں میں یاسر شاہ دوسرے نمبر پر موجود ہیں جہاں انہوں نے 17 ٹیسٹ میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
تیز ترین 100وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ انگلیش کے جیارج لومین کے پاس ہے جنہوں نے 1896 میں 16ٹیسٹ میچوں میں 100وکٹیں مکمل کی تھیں۔
یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 14وکٹیں لے سابق کپتان اور موجود وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا 36سال پرانا قومی ریکارڈ برابر کردیا جنہوں نے 1982 میں سری لنکا کے خلاف میچ میں 116رنز کے عوض 14وکٹیں لی تھیں۔