پی ایس ایل پہلی بار میدان میں آئی اور کامیاب رہی، اگلے سال چھ ٹیمیں کھیلیں گی: شہریار خان
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پہلی بار میدان میں آئی اور کامیاب رہی، لیگ کی عوام نے خوب حوصلہ افزائی کی ہے جبکہ اس سے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی بہت فائدہ ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد کیلئے بہت محنت کی، انتظامات بہت اچھے ہیں اور عوام نے بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے۔ اس وقت پانچ ٹیمیں ہیں، آئندہ سال چھ ٹیمیں کھیلیں گی اور کوشش ہے کہ آئندہ سال پی ایس ایل کی پوری سپانسر شپ بھی آ جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال پی ایس ایل اپنے اخراجات پورے کرے گا اور اگلے سال سے اس سے بورڈ کو مالی فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی مشہور کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور انہیں بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے، سپرلیگ کھیلنے والے نواز اور اصغر بہترین باﺅلرز ہیں جو اچھی کارکردگی کی بناءپر مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے بگ تھری کے خاتمے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بگ تھری کے خلاف لڑائی کی تیاری کر رہا تھا تاہم ایسی ضرورت نہیں پڑی اور ششانک منوہر نے خود بگ تھری کے خلاف قدم اٹھاتے ہوئے اس کے خاتمے کی بات کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپریل میں تمام 10 ڈائریکٹرز آئی سی سی کی نئی قانون سازی سے متعلق اپنی اپنی تجاویز دیں گے اور پاکستان نے اس سلسلے میں اپنی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آئی سی سی میں سب کو برابری کی بنیاد پر رکھا جائے اور سب کو برابر کا حصہ ملے۔