انگلش ٹیم میں پاکستانی نژاد پلیئرز کی تعداد بڑھنے لگی
ناٹنگھم: انگلش کرکٹ ٹیم میں پاکستانی نژاد پلیئرزکی تعداد بڑھنے لگی، ایون مورگن اور الیکس ہیلز کے انکار پر حسیب حمید اور ظفرانصاری کی قسمت چمک اٹھی، انھیں دورہ بنگلہ دیش کیلیے اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے دورئہ بنگلہ دیش کیلیے ٹیسٹ اور ون ڈے اسکواڈز کا اعلان کردیا، دو بیٹسمینوں 19 سالہ حسیب حمید اور بین ڈکٹ کے ساتھ آل راؤنڈر ظفر انصاری پر انگلش سلیکٹرز نے اعتماد کیا، سرے کاؤنٹی کی نمائندگی کرنے والے 39 سالہ اسپنر گیراتھ بیٹی کی 11 سال بعد انگلش ٹیم میں واپسی ہوئی،انھوں نے اس سے قبل اپنا آخری ٹیسٹ 2005 میں کھیلا تھا، 7 اکتوبر سے شروع ہونے والے دورئہ بنگلہ دیش کے دوران انگلش ٹیم 3 ایک روزہ اور 2 ٹیسٹ میچزکھیلے گی، لنکاشائر کے نوجوان اوپنر حسیب حمید رواں کاؤنٹی چیمپئن شپ سیزن میں 52 کی اوسط 1129 رنز بناچکے ہیں۔
انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم کے سابق کپتان حسیب اگر چٹاگانگ میں شیڈول پہلے میچ میں شرکت کرتے ہیں تو وہ 1949 کے بعد انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے 20 سال سے کم عمر کے دوسرے کھلاڑی ہوں گے،منتخب ٹیم میں مجموعی طور پر پہلی بار 4 پاکستانی نژاد کرکٹرز حسیب حمید، معین علی، عادل رشید اور ظفرانصاری شامل ہیں ، مارک ووڈ 2برس بعد ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنے، یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں رواں برس ہونے والی دہشت گردی کی کارروائی کے بعد کچھ انگلش کھلاڑیوں نے دورہ کرنے کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہارکیا تھا