کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: جنوبی افریقا نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز جیت لی
جنوبی افریقا نے پاکستان کو کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر فلاپ ہوگئی جس کی وجہ سے تین ٹیسٹ سیریز کے دونوں میچوں میں قومی ٹیم کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور اس طرح جنوبی افریقا نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 سے برتری حاصل کرلی ہے۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کی پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز میں بھی قومی ٹیم کے بلے باز ناکام ہوگئے اور صرف تین کھلاڑیوں نے اسکور کرکے ٹیم کو سنبھالا۔
پہلی اننگز میں جنوبی افریقا نے پاکستان کے 177 رنز کے جواب میں 431 رنز بنائے اور 254 کی برتری کے ساتھ آل آؤٹ ہوگئی۔
قومی ٹیم کے بلے باز جب جنوبی افریقا کی 254 رنز کی برتری کے ساتھ میدان میں اترے تو اسد شفیق، شان مسعود اور اظہر علی کے سوا کوئی کھلاڑی کریز پر نہ ٹک سکا۔
دوسری اننگز میں اظہر علی 88 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ شان مسعود نے 61 اور بابر اعظم نے 72 رنز بنائے۔
دوسری اننگز میں قومی ٹیم 294 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور صرف 41 رنز کا ہدف دیا جو جنوبی افریقا نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرکے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
فاف ڈوپلیسی کو سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔