پیرا سائیکلسٹ حادثے کے نتیجے میں ہلاک
پیرالمپکس کمیٹی نے تصدیق کی ہے کہ 48 سالہ بہمن گلبارنزاد کو سنیچر کے روز پیش آنے والے حادثے کے بعد ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
بہمن گلبارنزاد نےسنہ 2012 میں لندن میں ہونے والے پیرالمپکس میں بھی شرکت کی تھی۔
سنیچر کو ریس کا آغاز پونٹل سے ہوا تھا جس میں گروماری سرکٹ بھی شامل تھا جو کہ ریو اولمپکس کے دوران روڈ ریسز کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔
ایرانی پیرالمپکس کمیٹی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہمارے لیے یہ دردناک خبر بتانا انتہائی مشکل ہے، انتہائی افسوس کے ساتھ ہمیں یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ ایرانی سائیکلنگ چیمپیئن سرفراز بہمن گلبارنزاد پیرالمپکس 2016 کے مقابلوں کے دوران حادثہ پیش آنے کے بعد ہلاک ہوگئے ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’وہ ایک مثالی پیرالمپکس کھلاڑی تھے، جنھوں نے پیار اور توانائی کے ساتھ ایران کا نام پھیلانے کی کوشش کی اور ہم سب کو ان پر فخر ہے، اور آخر میں انھوں نے اس مقصد کے لیے اپنی جان دے دی۔‘
’ایرانی کلچر اور کھیلوں سے منسلک تمام افراد نے ایرانی قوم اور ان کے خاندان والوں کو تعزیت پیش کی ہے۔‘
اس بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ ’بہمن گلبارنزاد کا نام ایرانی پیرالمپکس کے تاریخ میں فخر کے ساتھ لکھا جائے گا۔‘