کھیل و ثقافت
پاک، جنوبی افریقہ مابین ٹیسٹ میچز سیریز کا آخری میچ جوہانسبرگ میں جاری
جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان اپنی پہلی اننگز 2کھلاڑی آؤٹ 17 رنز سے دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ وانڈررز اسٹیڈیم جوہانسبرگ میں کھیلا جارہا ہے جس میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پروٹیز اپنی پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ایڈن مرکرام نے 14 چوکوں کی مدد سے 90رنز کی شاندار اننگز کھیلی ، تھیونس ڈی بریون نے 49رنز بنائے جبکہ ہاشم آملہ اور زبیر حمزہ نے 41،41 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3پروٹیز کا شکار کیا جبکہ محمد عامر، حسن علی اور محمد عباس نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور 1وکٹ شاداب خان کے حصے میں آئی۔شاہینوں کی جانب سے امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا تو 6کے مجموعی اسکور پر شان مسعود محض 2رنز بنا کر ویرن فلنڈر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے، قومی سینئر بلے باز اظہر علی پہلی ہی گیند پر ویرن فلنڈر کا شکار ہو گئے ان کا کیچ بھی وکٹ کیپر ڈی کوک نے لیا۔ اس موقع پر محمد عباس کو بطور نائٹ واچ مین میدان میں بھیجا گیا ۔تاہم دن کے اختتام تک پاکستان نے 2وکٹوں کے نقصان پر 17 رنز بنا لئے۔ امام الحق 10 جبکہ محمد عبا س بغیر کسی اسکور کے کریز پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ میزبان ٹیم جنوبی افریقہ کو تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔