کھیل و ثقافت

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو شکست دیدی

شارجہ: پی ایس ایل کے بارہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو شکست دے دی۔ شارجہ میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے بارہویں میچ میں لاہور قلندرز مقررہ اوورز میں صرف 143 رنز ہی بناسکی جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن اور احسان علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن واٹسن پہلے ہی اوور میں کھاتہ کھولے بغیر راحت علی کا شکار بن گئے۔

ریلی روسوو کی ہمت بھی 17 رنز پر جواب دے گئی اور عمر اکمل بھی 9 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ ڈیرن اسمتھ صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تاہم اوپننگ بلے باز احسن علی وکٹ پر ڈٹے رہے اور 40 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

بعد ازاں کپتان سرفراز احمد اور محمد نواز نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور بڑی شارٹس مارنے کے بجائے سنگل ڈبل کے ذریعے رن ریٹ کو برقرار رکھا اور اس دوران نے قسمت نے بھی دونوں کو بھرپور ساتھ دیا، لاہور قلندرز نے 3،4 رن آؤٹ ضائع کرکے میچ کوئٹہ کے لیے آسان کردیا، محمد نواز 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آخری اوور میں جیت کے لیے 7 رنز درکار تھے، ڈیوڈ ویزے نے پہلی ہی گیند پر انور علی کو بولڈ کردیا، آخری گیند پر جیت کے لیے 2 رنز درکار تھے، سرفراز احمد نے چھکا رسید کرکے لاہور قلندرز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد 52 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 2 جب کہ سندیب لیمی چین، یاسر شاہ، ڈیوڈ ویزے اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی، فخرزمان اور سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا تو فخرزمان صرف 3 رنز بناکر محمد نواز کا شکار بن گئے، سلمان بٹ اپنے دوسرے میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئے اور صرف 5 رنزبناکر پویلین واپس لوٹے۔

سہیل اختر 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کرآؤٹ ہوئے جس میں 3 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا جب کہ پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے کورے اینڈرسن کی اننگز بھی 19 رنز تک محدود رہی اور گزشتہ میچ کے ہیرو ڈیوڈ ویزے اس بار 20 رنز پر ہمت ہار بیٹھے۔ اے بی ڈی ویلیئرز 45 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے غلام مدثر نے 3، سہیل تنویر نے 2 جب کہ محمد نواز اور انور علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے لاہور قلندرز نے بھی گزشتہ روز ملتان سلطانز کے خلاف آخری گیند پر چھکا لگا کر فتح حاصل کی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close