سانحہ نیوزی لینڈ نے دنیا کو پاکستان کے مسائل سے آگاہ کردیا، چیئرمین پی سی بی
کراچی: چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ سانحہ نیوزی لینڈ نے دنیا کی آنکھیں کھول دیں اور پوری دنیا کو پاکستان کے مسائل سے آگاہ کردیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسانی مانی کا کہنا تھا کہ کراچی میں پی ایس ایل کے 8 میچزکرانے میں کامیاب رہے، مشکل حالات میں کراچی میں میچ کروانا ہماری کامیابی ہے، پی ایس ایل کا اگلا ایڈیشن پاکستان ہی میں ہوگا جس کے لیے نئے میدان بنائیں گے اور 4 سے 5 شہروں میں میچز کروائیں گے امید ہے کراچی جیسا پیار ہر جگہ سے ملے گا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم کی حالت بہتر بنائیں گے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو مزید بہتر بنائیں گے اور آزاد کشمیر میں بھی پی ایس ایل میچ کرائیں گے جب کہ پی ایس ایل 4 کی اختتامی تقریب کو مختصر کیا گیا، سانحہ نیوزی لینڈ نے دنیا کی آنکھیں کھول دیں اور پوری دنیا کو پاکستان کے مسائل سے آگاہ کردیا، کرکٹ کونہیں رکنا چاہیئے، دہشت گردی کی وجہ سے کرکٹ روکتے ہیں تودہشتگردوں کی جیت ہوگی۔
احسان مانی نے کہا کہ غیر ملکی کرکٹ بورڈز کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے لیے غیر ملکی سیکیورٹی ماہرین کو آبزرویشن کے لیے بلایا، سری لنکا کو بھی اپنا سیکیورٹی ماہر بھیجنے کے لیے کہا ہے، ہم نے بھر پور معیاری سیکوریٹی کی یقین دہانی کرائی ہے جب کہ پی ایس ایل کے دوران غیر ملکی سیکیورٹی اہلکار بہت مطمئن اور خوش نظر آئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شکر گزار ہیں۔
کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے انٹرنیشنل پلیئرز پر پی ایس ایل میں نہ کھیلنے کی شرط لگائی تو آئی سی سی کے پاس جائیں گے، امید ہے کہ کھیل میں سیاست نہیں لائی جائے گی جب کہ میڈیا پارٹنر کے آخری وقت میں انکار پر کاروائی پر غور کررہے ہیں۔