محمد حسنین کو کس نے ڈھونڈا اور انہیں یہاں تک لانے کا کریڈیٹ کسے جاتا ہے؟ حقیقت پتہ چل گئی
لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فاسٹ باﺅلر محمد حسنین کو متعارف کرایا تو ان کی کارکردگی اس قدر متاثر کن رہی کہ کیرئیر کا سفر ہی سمٹ گیا اور وہ پی ایس ایل سے سیدھا قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔
محمد حسنین کو سامنے لانے کا کریڈٹ بہت سے لوگ لے رہے ہیں لیکن ان کے پیچھے کون ہے جس نے اتنی زیادہ محنت کی کہ آج وہ اس مقام پر پہنچ چکے ہیں؟ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے حقیقت بتا کر سب کو حیران کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ کراچی پریمیر لیگ کے دوران نبیل ہاشمی اور اعظم خان نے انہیں دیکھا جہاں محمد حسنین کے کوچ اقبال امام انہیں لے کر آئے تھے اور اصل کریڈٹ کے حق دار وہی ہیں جنہوں نے کڑی محنت کر کے محمد حسنین کو گروم کیا۔
ندیم عمر نے کہا کہ محمد حسنین ہمیں پسند آئے تو پھر ہم نے ان کی ویڈیو دیکھیں جس کے بعد انہیں اپنے پاس بلایا تو ان کی صحت کے کچھ مسائل تھے جو حل ہوئے اور پھر وہ پی ایس ایل میں جلوہ گر ہوئے اور اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کر کے قومی ٹیم میں جا پہنچے ہیں جس پر ہم سب کو بہت زیادہ خوشی ہے۔