آسٹریلیا نے 5 ویں ون ڈے میں پاکستان کو شکست دیکر سیریز میں وائٹ واش کردیا
دبئی: آسٹریلیا نے 5 ویں ون ڈے میں پاکستان کو شکست دیکر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔ آسٹریلیا کے 328 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 307 رنز بناسکی اور اسے میچ میں 20 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔
آسٹریلیا کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ایرون فنچ تھے جو 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ عثمان خواجہ نے بھی 98 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
شان مارش اور گلین میکسویل نے بھی بالترتیب 70 اور 61 رنز کی اننگز کھیلیں۔
آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنائے جب کہ پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے 4 اور جنید خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کے 328 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور عابد علی نے کیا لیکن اپنے پہلے میچ میں سنچری بنانے والے عابد علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
حارث سہیل اور شان مسعود نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 108 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی تاہم شان مسعود 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد رضوان تھے جو کہ 12 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
چوتھی وکٹ کی شراکت میں حارث سہیل اور عمر اکمل نے 102 رنز بنائے لیکن 238 کے مجموعی اسکور پر عمر اکمل، حارث کا ساتھ چھوڑ گئے اور 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
حارث سہیل نے سیریز میں دوسری سنچری مکمل کی اور 130 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان عماد وسیم نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور نصف سنچری اسکور کی لیکن ان کی یہ ففٹی ٹیم کو کامیابی نہ دلاسکی۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 307 رنز بناسکی اور اسے میچ میں 20 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس جیت کے ساتھ ہی مہمان ٹیم نے 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا۔
پاکستان کی جانب سے حارث سہیل نے 130 بنائے جب کہ عماد وسیم 50 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
کینگروز کی جانب سے جیسن بیہرنڈوف نے 3، رچرڈسن، لیون، میکسویل اور زمپا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔